بالی وڈ راؤنڈ اپ:سوہا کی انفرادیت اور ہریتک کا انکار
سوہا کی انفرادیت

بالی وڈ کی نئی فلم ’وار چھوڑو ناں یار‘ میں صحافی کا کردار ادا کرنے والی سوہا علی خان کہتی ہیں کہ وہ کبھی بھی ادا کارہ نہیں بننا چاہتی تھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’میری والدہ شرمیلا ٹیگور ایک مشہور ادا کارہ تھیں اور بھائی سیف علی خان بھی سپر سٹار ہیں تو اس کا مجھ پر الٹا اثر ہی رہا‘۔
سوہا کا کہنا ہے کہ ’میں اپنے لیے ایک الگ شناخت چاہتی تھی‘۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے بہت پڑھائی کی، این جی او میں کام کیا ، بینک میں بھی نوکری کی لیکن ’اگر آپ اندر ایک اداکار چُھپا بیٹھا ہے تو اسے باہر آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔‘
ہریتک کا انکار
اداکار ہریتک روشن نے برطانوی ڈرامہ نگار شیکسپیئر کے مشہور ڈرامے ’ہیملٹ‘ پر مبنی ایک فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا۔

ہدایتکار تگمانشو ڈھولیا ’ہیملٹ‘ پر ایک فلم بنانا چاہتے تھے اور اسی لیے انہوں نے ہریتک سے رابطہ کیا تھا۔ ابتدا میں تو ہریتک نے اس فلم میں دلچسپی دکھائی لیکن بعد میں انہوں نے اس سے ہاتھ کھینچ لیا۔
ہریتک نے انکار کیا کِیا تگمانشو نے فلم بنانے کا ارادہ ہی منسوخ کر دیا۔
’مس یو سچن‘
مشہور کرکٹر سچن تندولکر کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد بالی وڈ نے بھی انہیں یاد کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

اداکار شاہ رخ خان نے ٹویٹ کیا، ’اب میں نے جانا کہ ایڈکشن (لت لگنا) کیا ہوتا ہے؟ میں سچن تندولکر کا ایڈكٹ ہوں۔ سچن کے بغیر کرکٹ دیکھنا بڑی عجیب بات ہو گی‘۔
راہل بوس نے لکھا، ’سچن خوبصورتی اور جوش کا بہترین امتزاج تھے‘۔ ٹیکنالوجی اور حالات کے ساتھ تال میل پیدا کرنا کوئی ان سے سیکھے۔ انہوں نے ہم ہندوستانیوں کو خواب دیکھنا سکھایا‘۔
اداکارہ پونم پانڈے نے ٹویٹ کیا، ’سچن تندولکر تب سے بیٹنگ کر رہے ہیں جب میں پیدا بھی نہیں ہوئی تھی۔ میں انہیں سليوٹ کرتی ہوں‘۔
آسارام کے کارنامے بڑے پردے پر
جنسی زیادتی کے الزام میں جیل جانے والے سنت آسارام پر اب فلم بنانے کی تیاری ہو رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہدایتکار اور فلمساز پرکاش جھا کی آنے والی فلم ان کے بارے میں ہی ہوگی۔
فلم میں آسارام کا کردار کون نبھائے گا ابھی اس کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔
پرکاش جھا کے علاوہ نمرتا منوج شرما بھی آسارام پر ایک فلم پروڈیوس کرنے والی ہیں جس کا نام ہوگا ’چل گُرو ہو جا شروع‘۔
سلمان کے لیے ایشوریہ کی جھلک
ایک وقت تھا کہ سلمان خان اور ایشوریہ کے رومانس کی خبریں میڈیا میں گرم تھیں لیکن اب تو یہ دونوں ایک دوسرے کے بارے میں بات بھی نہیں کرتے۔ لیکن ریئیلیٹی شو بگ باس میں سلمان نے ایک نہیں دو بار ایشوریہ کا نام لیا۔
سلمان اس شو کے میزبان ہیں اور انہوں نے اس پروگرام میں حصہ لینے والی شلپا اگنی ہوتری کو ایک بار نہیں دو مرتبہ مخاطب کر کے کہا ’آپ تو بالکل ایشوریہ جیسی لگتی ہیں‘۔







