بالی وڈ راؤنڈ اپ
- مصنف, دیپتی کرکی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی
عامر خان کو امریکی ایوارڈ

بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان کا مشہور ٹی وی پروگرام ’ستیہ مے و جیتے‘ بھارت میں بہت مقبول رہا۔ اب اس پروگرام کو سات سمندر پار بھی سراہا جا رہا ہے۔
اس ٹی وی شو کے لیے عامر کو ایک ممتاز امریکی ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ آسکر انعام یافتہ خاتون ڈائریکٹر کیتھرین بگلو کو بھی اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
عامر کو یہ ایوارڈ 28 اکتوبر کو واشنگٹن ڈی سی میں دیا جائے گا۔ اس سے قبل ٹائم میگزین نے عامر کو دنیا کے سو سب سے زیادہ بااثر افراد کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
اسے بیرون ممالک میں عامر کی پزیرائی کہا جا سکتا ہے لیکن بھارت میں ان کی فلم ’دھوم 3 ‘کے پروموشن پر خوب بحث ہو رہی ہے۔
ناظرین اور فلم انڈسٹری سے وابستہ تمام لوگوں کو امید ہے کہ ’دھوم 3‘ فلم ’چنئی ایکسپریس‘ کے سارے ریکارڈ توڑ سکتی ہے لیکن خود عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ انھیں کسی کا ریکارڈ توڑنے میں کوئی دلچسپی بھی نہیں ہے۔
عامر کے مطابق ’ایک ایکٹر کے لیے سب سے بڑا چیلنج یہ نہیں ہوتا کہ اس نے باکس آفس پر کتنے پیسے کمائے چیلنج تو یہ ہے کہ ناظرین کو فلم کتنی پسند آئی‘؟۔
’ہم سب پیشہ ور ہیں‘

اپنے مخصوص ڈائیلاگ ’جھكاس‘ کے لیے معروف اداکار انیل کپور ان دنوں اپنے آنے والے سیریل ’24‘ کے دیسی ورژن میں بہت مصروف ہیں۔ اس میں بالی وڈ کی معروف اداکارہ شبانہ اعظمی اور اداکار انوپم کھیر مہمان کردار میں نظر آئیں گے۔
جب انیل کپور سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی بیٹی سونم کپور بھی آنے والے سیزن میں مہمان کردار میں نظر آئیں گی تو انہوں نے کہا ’اگر ایسا کردار سامنے آیا اور ان کو پسند آیا تو وہ ضرور کر سکتی ہیں لیکن وہ میرے کہنے پر ایسا نہیں کریں گی یہ آج کل کے بچے ہیں‘۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انیل کہتے ہیں ’اگر سونم نے مجھ سے کہا کہ میں اس میں مہمان کردار کروں تو مجھے وہ کردار پسند بھی آنا چاہیے کیونکہ اندر سے ہم سب پروفیشنل ہیں۔ ذاتی جذبات ایک طرف اور کام دوسری طرف، خواہ وہ باپ بیٹی ہو یا پھر بھائی بہن۔ کام کام ہوتا ہے‘۔
انیل کپور کا یہ سیریل كلر چینل پر چار اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے۔
دلیپ کمار پر غلط ٹویٹ ، انوراگ کشیپ کی معافی

ہندوستانی سینما کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی صحت کے سلسلے میں سوشل میڈیا پر طرح طرح کی خبریں پھیل رہی ہیں۔ کئی لوگوں نے تو بدھ کو ٹوئٹر پر ان کی موت کی خبر پھیلا دی۔
فلم ساز انوراگ کشیپ نے بھی ان کی موت سے متعلق ایک ٹویٹ پوسٹ کر دیا جس نے دلیپ کمار کے مداحوں میں رنج و غم کی لہر پیدا کردی۔
بعد میں انوراگ نے اس افواہ پر معافی بھی مانگی لیکن کئی لوگوں نے ٹوئٹر پر اس بات کے لیے انوراگ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب دلیپ کمار کے مینیجر نے ان کی صحت کے متعلق پھیلنے والی افواہ کو بکواس قرار دیا اور کہا کہ ان کی صحت میں بہتری ہو رہی ہے اور وہ جلد ہی ہستپال سے ڈسچارج ہو جائیں گے۔
کرینہ فیصلہ نہیں بدلیں گی

بالی وڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور ان دنوں اپنی فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ کے پروموشن میں مصروف ہیں۔ پروموشن کی ایک تقریب میں ان سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا شادی کے بعد وہ فلموں میں سیکس کے سین کریں گی تو انھوں نے واضح انداز میں کہا ’قطعی نہیں‘۔
کرینہ نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شادی کو ان کے کیریئر سے جوڑ کر دیکھنا غلط ہے اور شادی سے پہلے کسی رول کو لے کر ان کا جو رویہ تھا اسے وہ نہیں بدلیں گی۔
کرینہ نے کہا کہ اگر کہانی کی مانگ ہوگی اور انہیں کوئی سین ٹھیک لگے گا تو وہ ضرور کریں گی۔ شادی شدہ ہونے سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ واضح رہے کہ کرینہ ماضی میں بھی کہہ چکی ہیں کہ وہ سیکس سین نہیں کریں گی جیسا کہ انہوں نے فلم قربان میں کیا تھا۔







