رنبیر قطرینہ رومانس، کرینہ بنیں گی ماں

کیا خوب لگ رہی ہیں کیٹ: رنبیر

قطرینہ کے ساتھ اپنے رشتے پر مہر لگائے بغیر رنبیر نے ان کی خوبصورتی کی تعریف کی
،تصویر کا کیپشنقطرینہ کے ساتھ اپنے رشتے پر مہر لگائے بغیر رنبیر نے ان کی خوبصورتی کی تعریف کی

قطرینہ کیف کے ساتھ اپنے مبینہ رومانس کی خبریں اور انٹرنیٹ پر تصاویر لیک ہونے کے بعد بالی وڈ کے اداکار رنبیر کپور اس معاملے پر کھل کر بولے۔

گزشتہ دنوں رنبیر جب اپنی فلم ’بےشرم‘ کا پروموشن کرنے کے لیے ایک پروگرام میں شریک ہوئے تو میڈیا نے ان سے زیادہ تر سوالات قطرینہ سے نزدیکیوں کے بارے میں پوچھے۔

رنبیر نے قطرینہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہ تو قبول کیا اور نہ ہی انکار اور کیٹ کے ساتھ اپنی تصاویر پر انہوں نے کہا: ’کیٹ بے حد خوبصورت لگ رہی ہیں ان تصاویر میں، ہے نا؟‘

ساتھ ہی انہوں نے میڈیا سے کہا: ’میرے پاس اپنی ذاتی زندگی کو ذاتی رکھنے کا پورا حق ہے۔ میں اپنی زندگی کو کوئی ریئلیٹي شو نہیں بنانا چاہتا۔ آپ کا جو کام ہے وہ آپ کر ہی رہے ہو۔ آپ کے پاس اگر تصاویر ہیں تو آپ انھیں شائع کریں۔ میں برا نہیں مانوں گا۔‘

جب ان سے کہا گیا کہ خبریں یہ بھی ہیں کہ ان کے والد رشی کپور قطرینہ کیف سے ناراض ہیں تو رنبیر بولے، ’آپ لوگوں کو میرے بارے میں جو بھی خبریں چھاپني ہے چھاپو لیکن براہ مہربانی میرے ماں باپ کو بخش دو۔ ان کے بارے میں مت لکھا کرو۔‘

’دھوم3 کی دھوم

دھوم تھری میں عامر خان نے ایک ماہر چور کا کردار نبھایا ہے
،تصویر کا کیپشندھوم تھری میں عامر خان نے ایک ماہر چور کا کردار نبھایا ہے

عامر خان کی فلم ’دھوم 3‘ کی پہلی جھلک خاصے انتظار کے بعد یو ٹیوب پر جاری کر دی گئی ہے۔ اور اسے صرف ایک دن میں 16 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا گيا ہے۔

یش راج بینرکے تحت بننے والی فلم ’دھوم‘ سیریز کی اس تیسری فلم میں پہلی دو فلموں کی طرح ابھیشیک بچن اور ادے چوپڑا کا اہم کردار ہے۔ پہلی ’دھوم‘ میں جان ابراہم اور ’دھوم 2‘ میں ریتھک روشن نے منفی لیکن اہم کردار نبھایا تھا۔ اب ’دھوم 3‘ میں عامر خان چور کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

فلم کی ہدایات وجے کرشن اچاریہ نے دی ہے اور اطلاعات کے مطابق یہ اس سال کے آخر میں کرسمس کے موقعے پر ریلیز ہورہی ہے۔

ماں بننے کو راضی ہیں کرینہ

کرینہ کپور ایک فلم میں حاملہ نظر آنے والی ہیں
،تصویر کا کیپشنکرینہ کپور ایک فلم میں حاملہ نظر آنے والی ہیں

بالی وڈ کی اداکارہ کرینہ کپور ماں بننے کے لیے تیار ہیں۔

ارے صاحب ذرا ٹھہریں وہ ذاتی زندگی میں نہیں بلکہ پرد‏ۂ سیمیں پرماں بننے کے لیے راضی ہوئی ہیں۔ کرینہ کی آنے والی فلم ’گوری تیرے پیار میں‘ کے چند مناظر میں وہ حاملہ خاتون کے طور پر نظر آئیں گی۔

اس فلم میں ان کے ساتھ ہیں اداکار عمران خان۔ یہ دونوں اداکار اس سے پہلے فلم ’ایک میں اور ایک تو‘ میں ساتھ کام کر چکے ہیں۔

کرن جوہر اور رام گوپال ورما آمنے سامنے

سٹوڈنٹ آف دی ایئر کرن جوہر کی فلم ہے
،تصویر کا کیپشنسٹوڈنٹ آف دی ایئر کرن جوہر کی فلم ہے

ایسا لگتا ہے کہ فلم ساز اور ہدایت کار رام گوپال ورما اور کرن جوہر کو ایک دوسرے سے ٹکرانے میں بہت لطف آتا ہے۔ دونوں کا ٹوئٹر پر ایک دوسرے کے ساتھ کئی بار زبانی ٹاکرا ہو چکا ہے اور ایک بار پھر سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں دونوں آمنے سامنے ہیں۔

بھارت میں یوم اساتذہ کے موقعے یعنی پانچ ستمبر کو رام گوپال ورما نے ٹویٹ کیا: ’اگر کوئی کرن جوہر کی سٹوڈنٹ آف دی ایئر سے ترغیب لے کر ٹیچر آف دی ایئر بنائے تو وہ ڈیزاسٹر آف دی ایئر ثابت ہوگا۔‘

اس پر کرن جوہر نے ٹویٹ کیا: ’ڈیزاسٹر بنانا تو آپ کی فطرت ہے رامو اور اس معاملے میں کوئی آپ کی جگہ نہیں لے سکتا۔‘

اس پر رام گوپال ورما نے جواب دیا: ’کرن جوہر میرا ٹویٹ کسی کے ساتھ میری بات چیت کی سیریز کے تحت ایک ٹویٹ تھا۔ اور سٹوڈنٹ آف دی ایئر سے ترغیب لے کر کوئی فلم بنانا آپ کے لیے کسی تعریف سے کم نہیں۔‘