میں دلیپ کمار سے کوسوں پیچھے ہوں: امیتابھ بچن

میں دلیپ کمار سے کوسوں پیچھے ہوں: امیتابھ

امیتابھ بچن اور دلیپ کمار کے مداح ہمیشہ دونوں کا موازنہ کرتے رہے ہیں
،تصویر کا کیپشنامیتابھ بچن اور دلیپ کمار کے مداح ہمیشہ دونوں کا موازنہ کرتے رہے ہیں

اپنے زمانے کے معروف مکالمہ نگار اور سکرپٹ رائٹر قادر خان نے امیتابھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ لاجواب اداکار ہیں لیکن وہ دلیپ کمار سے دو چیزوں میں پیچھے ہیں۔

انھوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا: میں نے امیتابھ سے کہا کہ وہ اپنے اندر دلیپ کمار والی ہنسی اور ان کے رونے کی ادکاری لائیں کیونکہ مرد کا رونا اور ہنسنا دو بے حد اہم چیزیں ہیں کیونکہ نہ تو وہ روتا ہوا اچھا لگتا ہے اور نہ ہی ہنستا ہوا لیکن دلیپ کمار نے ان دونوں چیزوں کو اس خوبی کے ساتھ نبھایا کہ لوگ ان کے دیوانے ہو گئے۔

انھوں نے مزید کہا: امیتابھ نے رونے اور مسکرانے کے میدان میں دلیپ کمار سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

جب امیتابھ بچن سے اس بابت بی بی سی کے نمائندے نے دریافت کیا تو انہوں نے کہا: میری ایشور سے یہی دعا ہے کہ میں دلیپ کمار سے ہمیشہ پیچھے رہوں، کوسوں پیچھے رہوں۔ میں نے ان کو ہمیشہ اپنا آئیڈیئل مانا ہے۔ اداکاری کے شعبے میں میں نے کبھی یہ نہیں سوچا کہ میں ان سے اچھا ہوں۔ میں ہمیشہ سمجھتا ہوں کہ میں ان کے قریب پہنچ ہی نہیں سکتا۔

’فیک ویڈیو‘ پر امیتابھ برہم

امیتابھ بچن ایک زمانے سے سیاست سے دور ہیں
،تصویر کا کیپشنامیتابھ بچن ایک زمانے سے سیاست سے دور ہیں

ان دنوں امیتابھ بچن غصے میں ہیں۔ ان کے غصے کا سبب انٹرنیٹ پر جاری کیا گیا ان کا ایک جعلی ویڈیو ہے۔ انھوں اس کے خلاف فیس بک پر کھل کر اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔

دراصل، امیتابھ بچن نے سال 2007 میں ایک قومی اخبار کے لیے ایک ویڈیو مہم کی تھی۔ امیتابھ کا الزام ہے کہ کسی نے ان کے اس ویڈیو کو غلط طریقے سے استعمال کرکے گجرات کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کے پروپیگنڈے کا ویڈیو تیار کر لیا ہے۔

امیتابھ بچن نے ٹویٹر پر پوسٹ کیا کہ اصل ویڈیو میں انہوں نے جو کہا تھا اس مواد کو کسی نے مودی کی تشہیر کے مواد کے لیے استعمال کر لیا، جو بہت غلط بات ہے۔

امیتابھ نے لکھا: ’میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ یہ ایک غیر قانونی بات ہے۔ میں حیران ہوں کہ کوئی اس طرح کی حرکت کیسے کر سکتا ہے۔ میں نے اپنی ڈیجیٹل ٹیم کو کہا ہے کہ وہ پتہ لگائیں کہ یہ ویڈیو کس نے اور کہاں پر تیار کی ہے۔ یہ کاپی رائٹ کی سخت خلاف ورزی ہے۔ میں اس بات سے بے حد غصے میں ہوں۔‘

امیتابھ نے مزید لکھا: ’میری آواز کا جس غلط طریقے سے استعمال کیا گیا ہے وہ ہلا دینے والا ہے۔ جس کسی نے یہ حرکت کی ہے میں اس کے خلاف سخت قدم اٹھاؤں گا۔‘

پرینکا چوپڑہ کا اجتناب

پرینکا چوپڑہ نے شاہ رخ کے ساتھ کئي فلموں میں اہم کردار ادا کیا ہے
،تصویر کا کیپشنپرینکا چوپڑہ نے شاہ رخ کے ساتھ کئي فلموں میں اہم کردار ادا کیا ہے

ایک وقت تھا جب پرینکا چوپڑا ہر جگہ شاہ رخ خان کی تعریف کرتے نہیں تھكتي تھیں اور انہیں اپنا استاد کہتی تھیں لیکن شاید اب وقت بدل گیا ہے۔

فلم ’زنجیر‘ کے پروموشن کے دوران جب پرینکا سے پوچھا گیا کہ ان کے سنگنگ کیریئر میں شاہ رخ نے ان کی کتنی حوصلہ افزائی کی تو پرینکا بربڑاتے ہوئے بولیں: شاہ رخ کی بات کوئی نہیں کرے گا۔ میں آپ کو کچھ لکھنے کا موقع نہیں دینا چاہتی۔

شاہ رخ خان کے ساتھ پرینکا نے ’ڈان‘ اور ’ڈان۔2‘جیسی ہٹ فلمیں کی ہیں لیکن اب وہ ان کے بارے میں کوئی بات ہی نہیں کرنا چاہتیں۔

اس کا سبب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ گذشتہ دنوں ان دونوں اداکاروں میں بڑھتی قربت کے چرچے بھی تو تھے۔

گمشدہ عامر خان کی تلاش

دھوم-3 کی شوٹنگ کے بعد عامر خان راڈار سے باہر تنہائی کا لطف لے رہے ہیں
،تصویر کا کیپشندھوم-3 کی شوٹنگ کے بعد عامر خان راڈار سے باہر تنہائی کا لطف لے رہے ہیں

عامر خان بغیر کسی کو بتائے چھٹی پر چلے گئے ہیں۔ فلم ’دھوم 3‘ کی شوٹنگ سے نمٹنے کے بعد عامرخان اکیلے ہی چھٹی منانے آسٹریلیا چلے گئے۔

اس چھٹی پر کوئی بھی عامر خان سے کسی بھی طرح سے کوئی رابطہ نہیں کر پا رہا ہے۔ عامر نہ اپنے فیس بک اور نہ ہی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر فعال ہیں۔

ماہرین کے مطابق عامر کے پلان کی معلومات صرف ان کے عزیز دوست اور ’دھوم 3‘ کے ہدایت کار آدتیہ چوپڑہ اور بیوی کرن راؤ کو ہی ہے۔

اس سے پہلے بھی عامر '’ ایڈیٹس‘ کی ریلیز سے پہلے بغیر کسی کو بتائے غائب ہو گئے تھے۔