دیپیکا کو امیتابھ کا خط اور شاہد کی خراب قسمت
- مصنف, دیپتی کرکی
- عہدہ, بی بی سی نیوز
میری قسمت ہی خراب ہے: شاہد کپور

گذشتہ دو تین سالوں سے مسلسل اداکار شاہد کپور کی فلمیں باکس آفس پر یکے بعد دیگرے فلاپ ہوتی جا رہی ہیں وہیں ان کے معاصر دوسرے نوجوان اداکار جیسے رنبیر کپور اور رنویر سنگھ کو روز افزوں کامیابیاں مل رہی ہیں۔
شاہد کپور نے ’موسم‘، ’تیری میری کہانی‘ اور اس سال ریلیز ہونے والی ’پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو‘ سے ناکامیوں کی ہیٹ ٹرک بنا ڈالی لیکن شاہد ان سب ناکامیوں کے لیے اپنی قسمت کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔
آنے والی فلم آر راجکمار کے بارے میں بات کرتے ہوئے جب گذشتہ ناکامیوں کی بات چلی تو وہ بولے، ’میری قسمت خراب ہے۔ اس کے علاوہ اور کوئی وجہ نہیں ہے۔ کئی بار اپنا کام اچھا نہیں لگتا لیکن فلم چل جاتی ہے۔کئی بار اس کا الٹا ہوتا ہے۔ تو بس مجھے تھوڑی سی خوش قسمتی کی ضرورت ہے۔‘
مسلسل فلاپ فلموں کے بعد بھی شاہد یہ ماننے کو تیار نہیں کہ ان کی مقبولیت میں کوئی کمی آئی ہے۔ وہ کہتے ہیں: ’خدا کا شکر ہے کہ اب بھی ناظرین مجھے پسند کرتے ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ میری قسمت جلد ہی بدلے گی۔‘
اپنے کام کا تجزیہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’جب وی میٹ‘ ان کی بہترین فلم ہے جبکہ وشال بھاردواج کی فلم ’ کمینے‘ میں وہ اپنے اداکاری کو بہترین مانتے ہیں۔
اب ’گبّر‘ کی بیٹی بھی فلموں میں

ہندی فلموں کے معروف ولن اور فلم ’شعلے‘ میں ڈاکو گبّر سنگھ کا کردار ادا کر کے شہرت پانے والے اداکار امجد خان کی بیٹی اہلم خان نے بھی اب فلمی دنیا کا رخ کیا ہے۔
اہلم طویل عرصے سے تھیٹر سے وابستہ ہیں اور اب وہ ڈائریکٹر مكرند دیش پانڈے کی فلم ’مس سندری‘ سے اپنے بالی وڈ کریئر کا آغاز کرنے والی ہیں۔ یہ فلم مكرند کے ڈرامے ’مس بيوٹي فل‘ پر مبنی ہے۔
امجد خان کے بیٹے شاداب خان بھی ’راجہ کی آئے گی بارات‘ اور ’رفيوجي‘ جیسی بعض فلموں میں بطور معاون اداکار کام کر چکے ہیں لیکن ان کا کریئر کچھ خاص نہیں رہا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سنی دیول پھر بنیں گے ڈائریکٹر؟

اداکار سنی دیول پھر سے ہدایت کار بننے کے لیے بے تاب ہیں۔
اس ہفتے ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’سنگھ صاحب دا گریٹ‘ کی تشہیری مہم کے دوران انہوں نے کہا: ’میں ہدایت کار بننے کے لیے بےچین ہوں۔ مجھے پتہ ہے کہ میرے اندر ایک ڈائریکٹر ہے، لیکن میں نے اپنے آپ کو روک رکھا ہے۔ مستقبل میں اگر کوئی موضوع اچھا لگا تو میں ضرور فلم کی ہدایت کاری کرنا چاہوں گا۔‘
سنی دیول نے اپنے 30 سال طویل کریئر میں صرف ایک فلم کی ہدایات کی ہے۔ سنہ 1999 میں ان کی ہوم پروڈکشن فلم ’دل لگی‘میں وہ ڈائریکٹر تھے۔
فلم میں ان کے چھوٹے بھائی بابی دیول اور ارمیلا ماتونڈكر نے اہم کردار نبھائی تھی اس کے علاوہ سنی دیول نے فلم کی ہدایت کاری کے ساتھ ساتھ اس میں اداکاری بھی کی تھی لیکن یہ فلم فلاپ ہوگئی تھی۔
امیتابھ نے دیپکا کو کیوں خط بھیجا؟

دیپیکا پادوکون ان دنوں بے حد خوش ہیں۔ ناقدین اور شائقین دونوں ہی ان کی فلم’رام لیلا‘ کی تعریف کر رہے ہیں۔
سپر سٹار امیتابھ بچن کو بھی یہ فلم اور دیپیکا کی اداکاری بہت پسند آئی ہے۔ انہوں نے فلم دیکھنے کے بعد دیپیکا کو گلدستہ بھیجا اور ایک خط لکھا جس میں انہوں نے دیپیکا کی بےحد تعریف کی۔
دیپیکا نے اس بات پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بگ بی کا یہ خط انہیں زندگی بھر کی خوشی دینے کے لیے کافی ہے۔
شاہ رخ اور کاجول پھر ایک ساتھ

اداکار شاہ رخ خان اور اداکارہ کاجول کی مشہور فلمی جوڑی ایک بار پھر ساتھ ساتھ نظر آئے گی لیکن کسی فلم میں نہیں بلکہ ایک ٹی وی شو میں۔
فلم ساز اور ہدایت کار کرن جوہر کے مشہور ٹی وی شو ’ کافی ود کرن‘ کے نئے ایڈیشن میں دونوں ایک مرتبہ پھر ساتھ دکھائی دیں گے۔
کچھ عرصہ قبل ان دونوں دوستوں کے درمیان مبینہ طور پر تلخی کی خبریں آئی تھیں جب شاہ رخ خان اور کاجول کے شوہر اجے دیوگن کے درمیان فلم ’سن آف سردار‘ اور ’جب تک ہے جاں‘ کو لے کر تنازعہ کھڑا ہو گیا تھا۔







