سلمان خان اور سچن تندولکر ساتھ ساتھ اور جاگ اٹھی شاہد کی قسمت
- مصنف, دیپتی کارکی
- عہدہ, بی بی سی، دہلی
سلمان خان اور سچن تندولکر ایک ساتھ

بالی وڈ کے ’دبنگ‘سلمان خان اور کرکٹ کے ’ماسٹر بلاسٹر‘ سچن تندولکر ایک ساتھ نظر آنے والے ہیں۔ یہ دونوں سیلبریٹي کرکٹ لیگ یعنی سی سی ایل کے چوتھے ایڈیشن کے موقعے پر ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
اس میں سلمان کے چھوٹے بھائی سہیل خان کی ٹیم بھی شامل ہے۔ اس کا افتتاحی پروگرام 20 دسمبر کو ممبئی کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں منعقد ہوگا۔ سی سی ایل آئندہ سال 25 جنوری سے شروع ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں مختلف فلمی فنکاروں کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ہم جنس پرستوں کی حمایت میں بالی وڈ

حال ہی میں بھارتی سپریم کورٹ نے بھارت میں ہم جنس پرست شادی کو جرم قرار دیا ہے۔ اس سلسلے میں بالی وڈ نے ہم جنس پرستی کے حق میں آواز اٹھائی ہے۔ سپر اسٹار عامر خان نے کہا ’میں بہت ہی مایوس ہوں۔ یہ فیصلہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ یہ بے حد شرمناک بات ہے۔‘
اداکار اور ہدایت کار فرحان اختر نے کہا کہ ’سپریم کورٹ کا فیصلہ غلط ہے۔‘
اداکارہ شروتی ہاسن نے ٹویٹ کیا ’یہ بات تصور میں ہی کتنی ڈراؤنی لگتی ہے کہ کوئی دوسرا یہ فیصلہ کرے کہ ہمیں کس سے محبت کرنا چاہییے یعنی اپنا ساتھی منتخب کرنے کی آزادی ہی غیر قانونی قرار دی گئی ہے۔‘
معروف فلم ساز کرن جوہر اور ہدایت کار اونير نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے پر مایوسی ظاہر کی ہے۔ اداکارہ انوشكا شرما نے بھی اس فیصلے کو آزادی پر حملہ‘ بتایا ہے۔
جہاں سنجو جیل سے باہر منا بھائی شروع : ارشد وارثی

منا بھائی سیریز کی گذشتہ فلم ’لگے رہو منا بھائی‘ سنہ 2006 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کے بعد سے اس سیریز کی تیسری فلم کے بارے میں مسلسل قیاس آرائیاں جاری ہیں لیکن کسی نہ کسی وجہ سے معاملہ ٹلتا رہا۔
پہلے فلم کے ڈائریکٹر راجکمار ہیراني ’تھری ایڈیٹس‘ اور پھر ’پی کے‘ فلموں میں مصروف ہو گئے اور پھر فلم کے اہم اداکار سنجے دت کو سنہ 1993 ممبئی بم دھماکے سے متعلق ایک معاملے میں جیل جانا پڑا جس سے فلم سازی میں تاخیر ہوتی چلی گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن اس سیریز میں سرکٹ کا کردار ادا کرنے والے ارشد وارثی فلم کے لیے بہت پر امید ہیں۔
بی بی سی سے خصوصی بات چیت کے دوران انہوں نے کہا ’جولی ایل ایل بی‘ کے ہدایت کار سبھاش کپور ’منا بھائی 3‘ کی سکرپٹ پر کام کر رہے ہیں۔ جب تک ان کی سکرپٹ پوری ہوگی تب تک سنجے دت بھی جیل سے باہر آ جائیں گے۔ ادھر سنجو جیل سے باہر آئے ادھر ہم نے منا بھائی شروع کی۔‘
شاہد کو ملا ہٹ کا ذائقہ

مسلسل نصف درجن سے زیادہ فلاپ فلمیں دینے کے بعد معروف اداکار شاہد کپور کو بالآخر ہٹ فلم کا ذائقہ نصیب ہوا۔
گذشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’آر۔ راجکمار‘ کو باکس آفس پر شائقین نے بہت سراہا ہے۔
فلم انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق فلم نے پہلے ہفتے کے آخر میں تقریبا 31 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ امید کی جا رہی ہے کہ فلم پہلے ہفتے میں ہی اپنی لاگت وصول کر لے گی۔
شاہد کی اس فلم کو بھی ناقدین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا لیکن شائقین نے فلم کو پسند کیا۔
شاہد کپور کے لیے یہ راحت بخش اور امید افزا خبر ہے کیونکہ کچھ دنوں پہلے ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو‘ فلاپ ہو گئی تھی۔







