دلیپ کمار کا جادو آج بھی برقرار ہے: سائرہ بانو

بالی وڈ کے معروف اداکار اور شہنشاہ جذبات کہنے جانے والے اداکار دلیپ کمار کا گیارہ دسمبر کو 91 واں جنم دن منایا جا رہا ہے
،تصویر کا کیپشنبالی وڈ کے معروف اداکار اور شہنشاہ جذبات کہنے جانے والے اداکار دلیپ کمار کا گیارہ دسمبر کو 91 واں جنم دن منایا جا رہا ہے

بھارتی فلمی صنعت کے مشہور اداکار دلیپ کمار بدھ کو اپنی 91ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

اس موقع پر بی بی سی ہندی سے خصوصی بات چیت میں ان کی اہلیہ اور اداکارہ سائرہ بانو نے کہا ہے کہ شادی کے 57 برس بعد بھی ان پر دلیپ کمار کا جادو برقرار ہے۔

سائرہ بانو نے اس گفتگو میں ماضی کے دریچے کھول دیے۔

انھوں نےکہا: ’دنیا جانتی ہے کہ جب میں 12 سال کی تھی تب سے میرے ذہن میں دلیپ صاحب بیٹھے ہوئے ہیں۔ دلیپ صاحب تو مجھے بچی کی طرح دیکھتے تھے، لیکن میری نظر میں تو وہ دنیا سے نرالے تھے۔ مجھے تو لگتا تھا کہ وہ میرے راجکمار ہیں جو ایک سفید گھوڑے پر بیٹھ کر آئیں گے اور مجھے لے جائیں گے۔‘

اداکارہ سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ بارہ سال کی عمر میں ہی انھوں نے طے کر لیا تھا کہ وہ دلیپ کمار سے شادی کریں گی
،تصویر کا کیپشناداکارہ سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ بارہ سال کی عمر میں ہی انھوں نے طے کر لیا تھا کہ وہ دلیپ کمار سے شادی کریں گی

انھوں نے مزید کہا: ’ایک بار ہمارے ایک شناسا کے یہاں دلیپ صاحب آئے ہوئے تھے۔ ایک پارٹی تھی۔ سب دلیپ صاحب کا آٹوگراف لے رہے تھے۔ مجھ میں تو اتنی ہمت نہیں تھی کہ میں ان کا آٹوگراف لیتی۔ اس کے لیے بھی میں نے اپنی ایک سہیلی کو آگے کر دیا تھا۔ میں اس وقت 11 یا 12 سال کی تھی۔ صاحب لوگوں سے باتیں کرتے رہے اور میں چوری چھپے انھیں دیکھتی رہی۔ پھر ایک آدھ بار میں مغل اعظم' کی شوٹنگ بھی دیکھنے گئی۔ بس انھی ملاقاتوں میں میں نے طے کر لیا تھا کہ اگر شادی كروں گي تو صاحب ہی سے۔‘

انھوں نے بتایا کہ انھوں نے کس طرح مغل اعظم کے پریمیئر جانے کے لیے چھ دنوں تک تیاری کی تھی۔

سائرہ بانو نے کہا: ’میں نے یہ سوچ کر ساڑھی تیاری کی تھی کہ پریمیئر پر جب دلیپ صاحب مجھے دیکھیں تو بس دیکھتے ہی رہ جائیں۔ لیکن دلیپ صاحب فلم کے پریمیئر پر آئے ہی نہیں۔ میری ساری تیاری دھري کی دھري رہ گئی۔‘

دلیپ کمار کا مقابلہ اپنے دور کے ممتاز اداکاروں سے رہا
،تصویر کا کیپشندلیپ کمار کا مقابلہ اپنے دور کے ممتاز اداکاروں سے رہا

دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی شادی سنہ 1966 میں ہوئی لیکن آج بھی سائرہ بانو کو دلیپ کمار کی وہ سالگرہ یاد ہے جو انھوں نے شادی کے بعد پہلی بار ساتھ میں منایا تھا۔

انھوں نے بتایا: ’میری نئی نئی شادی ہوئی تھی اور دلیپ صاحب ایک فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں كولہاپور میں تھے۔ دلیپ صاحب کا جنم دن منانے کے لیے مکمل یونٹ لگ گیا تھا۔ خوب شور شرابہ ہوا۔ دلیپ صاحب نے کیک بھی کاٹا تھا۔

’مجھے آج بھی یاد ہے کہ صاحب نے کون سے کپڑے پہنے تھے۔ انہوں نے لمبی بازو کی سفید شرٹ پہنی تھی۔ سفید ہی ان کی پتلون تھی۔ میں نے بھی ایک خوبصورت سی سفید رنگ کی ساڑی پہنی تھی۔ وہاں ہمارے ساتھ ممتاز اور پران صاحب بھی تھے۔‘

دلیپ کمار کی جوڑی وحیدہ رحمان کے ساتھ بہت مقبول ہوئی
،تصویر کا کیپشندلیپ کمار کی جوڑی وحیدہ رحمان کے ساتھ بہت مقبول ہوئی

دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی عمر میں 22 سال کا فرق ہے۔ تو کیا کبھی یہ فرق ان کے رشتے کے درمیان نہیں آیا؟ سائرہ بانو نے کہا: ’ہم دونوں کے درمیان عمر کے اس فرق کو ہم نے کبھی محسوس ہی نہیں کیا۔ البتہ اب مجھے یہ محسوس ہونے لگا ہے کہ وہ مجھ سے چھوٹے ہیں۔ عمر کے اس پڑاؤ پر آ کر ایک بیوی ہونے کے ساتھ ساتھ میں ان کی ایک ماں کی طرح بھی دیکھ بھال کرنے لگی ہوں۔‘

سائرہ بانو یہ بھی مانتی ہیں کہ یہ بھی اپنے آپ میں ایک طرح کا رومانس ہے۔ انھوں نے کہا: ’میرے خیال میں عمر کے ساتھ ساتھ ہمارے درمیان محبت بڑھتی گئی۔ ہم تو آج بھی ایک دوسرے میں کچھ نہ کچھ نیا تلاش کر ہی لیتے ہیں۔ ویسے بھی دلیپ صاحب میرے لیے تو كوہ نور ہیرے کی طرح ہیں۔ ان میں ہر دن کچھ نیا پن ہوتا ہے۔‘