بالی ووڈ: دلیپ کی کتاب

دلیپ کمار ایک ایسے اداکار ہیں جنہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بہت کم ہی بات کی ہے۔ لوگ ان کی فلمی زندگی کے علاوہ ان کے بارے میں باقی باتیں کم ہی جانتے ہیں۔
لیکن اب ایک ایسی کتاب آنے والی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس میں دلیپ کمار کی زندگی سے متعلق کئی ایسے پہلو ہوں گے جن کے بارے میں اب تک کسی کو معلومات نہیں ہیں۔
بی بی سی سے خصوصی بات کرتے ہوئے کتاب کی مصنفہ اُدے تارا نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ دلیپ کمار نے اپنی نجی زندگی اور دوستوں کے بارے میں بڑی بے باکی سے بات کی ہے۔
اُدے تارا نے بتایا کہ دلیپ کماراور سائرہ بانو 11 اکتوبر کو اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر کتاب کی رونمائی کریں گے۔اس سال دونوں کی شادی کو 47 سال پورے ہو جائیں گے۔
کتاب کا اجراء 11 دسمبر کو دلیپ کمار کی 91 ویں سالگرہ پر کیا جائے گا۔
دلیپ کمار اور مدھو بالا کا پیار
ایک زمانے میں دلیپ کمار اور مدھوبالا کے محبت کے افسانے بہت مشہور ہوا کرتے تھے۔دونوں کی جوڑی بڑے پردے پر بھی خاصی ہٹ رہی۔ لیکن 1960 میں آئی کے آصف کی’مغل اعظم‘ کے بعد دونوں نے کبھی ساتھ کام نہیں کیا۔
ادے تارا کا کہنا ہے کہ اس کتاب میں دلیپ کمار نے کُھل کر مدھوبالا کے بارے میں باتیں کی ہیں۔
اس کے علاوہ اداکارہ کامنی مہارت اور دلیپ کمار کی دوستی کا ذکر بھی اس کتاب میں ہے۔ کامنی مہارت اور دلیپ کمار نے 40 کی دہائی میں’شہید‘، ’ندیا کے پار‘، ’آرزو‘ اور ’شبنم‘ جیسی کئی فلمیں کی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سائرہ بانو سے شادی

اس کتاب میں دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی پہلی ملاقات اور پھر شادی کا ذکر بھی ہوگا۔
کتاب کے پہلے حصے میں دلیپ کمار کے پشاور میں پیدا ہونے سے لے کر 1998 میں ریلیز ہوئی ان کی آخری فلم ’قلعہ‘ تک کا ذکر ہوگا۔
اُدے تارا نے بتایا کہ کتاب کے لیے جب دلیپ کمار اپنی ماں اور بڑے بھائی ایوب خان کی موت کا ذکر کر رہے تھے تو اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ سکے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔
قریبی دوست

کتاب میں دلیپ کمار کے سکول کے دنوں، بچپن کی باتیں اور بامبے ٹاکیز میں ان کے ابتدائی دنوں کا ذکر بھی ہوگا۔
دلیپ کمار فلموں میں اپنے رول کی تیاری کس طرح کرتے تھے اس بات کو بھی تفصیل سے بتایا جائے گا۔
کتاب کے دوسرے حصے میں امیتابھ بچن، یش چوپڑا، انیل کپور جیسے کئی فنکار دلیپ کمار کے بارے میں اپنے خیالات اور ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بیان کریں گے۔
اس کے علاوہ اس میں دلیپ کمار کے غیر فلمی دوستوں کی بھی باتیں ہوں گی۔
اسی سال ستمبر میں دلیپ کمار کو بیماری کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اب وہ پوری طرح سے ٹھیک ہو کر گھر واپس آ چکے ہیں اور اس کتاب کی وجہ سے کافی پرجوش ہیں۔







