بالی وڈ راؤنڈ اپ
چچا رشی کپور بھتیجی کرینہ سے ناراض؟

بھارت کے معروف ٹی وی چیٹ شو ’کافی ود کرن‘ میں اتوار کو کرینہ کپور اپنے چچازاد بھائی رنبیر کپور کے ساتھ آنے والی ہیں۔ شو کی جھلکیاں ٹی وی پر دکھائے جا رہی ہیں اور مبینہ طور پر شو کی بعض باتوں سے رنبیر کے والد رشی کپور کافی ناراض ہیں۔
اطلاعات کے مطابق رشی کپور بطور خاص اپنی بھتیجی کرینہ کپور سے ناراض ہیں۔
شو کے ایک حصے میں کرینہ کپور اداکارہ قطرینہ کیف کو ’بھابھی‘ کہتی نظر آ رہی ہیں یعنی مبینہ طور پر وہ رنبیر کپور کی بیوی کے طور پر کیٹ کو دیکھنا چاہتی ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں کسی کے ساتھ ہم جنس پرست تعلقات رکھنے ہوں تو وہ کس کے ساتھ رہنا پسند کریں گی۔ اس کے جواب میں بھی کرینہ نے کہا کہ وہ اپنی بھابھی کیٹ کے ساتھ ہم جنس پرست تعلقات رکھنا چاہتی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کرینہ کی اسی بات پر رشی کپور ان سے خفا ہیں۔
واضح رہے کہ ’کافی ود کرن‘ کے پچھلے ورژن میں بھی اداکارہ دیپیکا پاڈوکون اور سونم کپور جب آئیں تھیں اور انہوں نے رنبیر کپور کے بارے میں جو بھی کہا اس سے بھی رشی کپور ناراض ہو گئے تھے۔
خاتون ہونا بے حد مشکل: کاجول

اداکارہ کاجول مانتی ہیں کہ موجودہ دور میں خواتین کے مقابلے مردوں کے لیے زندگی بہت آسان ہے۔
ان کے لیے اپنے شعبے میں کامیابی حاصل کرنا بہت آسان ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کاجول کے مطابق ملک میں خواتین کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔ دہلی میں ایک کتاب کے رسم اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاجول نے یہ باتیں کہی۔
’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، ’بازیگر‘،’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں دینے والی اداکارہ کاجول مانتی ہیں کہ خواتین کے لیے آزادی سے جینا دوبھر ہوتا جا رہا ہے اور اس صورت حال کو دور کرنے کے لیے مردوں کی سوچ کو تبدیل کرنا بہت ضروری ہے۔
کاجول نے کہا: ’ایک عورت کی زندگی جدوجہد سے تعبیر ہے۔ جدوجہد سے عہدہ بر ہو کر کامیابی حاصل کرنا اس کے لیے بہت مشکل ہے۔ بظاہر مرد ہر اچھا کام کرنے سے پہلے دیویوں کی عبادت کرتے ہیں لیکن پھر وہی مرد اپنی بیٹیوں اور بیویوں کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہیں۔ انہیں مارتے پیٹتے ہیں، اس لیے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مردوں کی سوچ کو تبدیل کرنا بہت ضروری ہے۔‘
کاجول نے ملک کے ’خراب قانون نظام‘ کو بھی خواتین کی ’بری حالت‘ کے لیے ذمہ دار بتایا۔
انہوں نے کہا: ’قانون کو بجا طور پر عمل میں لانا بہت ضروری ہے۔ ساتھ ہی یہ دیکھنا بھی ضروری ہے کہ مخصوص علاقے کے پولیس تھانے صحیح طور پر کام کر رہے ہیں یا نہیں۔ ہم اکثر ہی سنتے ہیں کہ پولیس متاثرین خواتین کی ایف آئی آر درج کرنے میں ہی کوتاہی کا مظاہرہ کرتی ہے۔‘
سورج پنچولی پر سلمان کا ہاتھ

اداکارہ جیا خان خودکشی معاملے میں آدتیہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی کا نام بھی آیا تھا اور انہیں کچھ دن پولیس حراست میں رہنا پڑا تھا۔
فی الحال سورج ضمانت پر ہیں اور اب ان کی توجہ اپنی پہلی فلم پر مرکوز ہے۔ یہ فلم سلمان خان کے بینر تلے بن رہی ہے اور یہ فلم سنہ 1983 کی سپر ہٹ فلم ’ہیرو‘ کی ری میک ہے جسے سبھاش گھئی نے بنایا تھا۔
سورج فلم کے لیے مسلسل سلمان خان کے رابطے میں رہتے ہیں اور ان سے رہنمائی حاصل کرتے رہتے ہیں۔ فلم کی ہیروئین ہیں اداکار سنیل شیٹی کی بیٹی۔ آئندہ سال اس فلم کے ریلیز ہونے کا امکان ہے۔
شتروگھن ہیں کرشن کی آواز

اپنے زمانے کے معروف بالی وڈ اداکار اور سیاستدان شتروگھن سنہا اینی میشن فلم ’مہابھارت‘ میں کرشن کے کردار کو اپنی آواز دیں گے۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ اسی فلم میں امیتابھ بچن بھیشم پتاماہ کے کردار کے لیے اپنی آواز دے رہے ہیں۔
شتروگھن سنہا نے کہا کہ وہ اس بات سے خوش ہیں کہ امیتابھ بچن بھی اسی فلم کے لیے اپنی آواز دے رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں کرشن اور بھیشم دونوں کے کرداروں میں سے کسی ایک کو اپنی آواز کے لیے منتخب کرنے کو کہا گیا تھا اور انہوں نے کرشن کے کردار کو منتخب کیا۔







