بالی وڈ راؤنڈ اپ
بگ بی اور ریکھا کے ساتھ آنے کا امکان ختم

برسوں سے امیتابھ بچن اور ریکھا کو ایک ساتھ فلم میں دیکھنے والوں کے خواب ایک بار پھر ٹوٹ گئے جب یہ بات سامنے آئی کہ ریکھا نے فلم سے انکار کر دیا ہے۔
گذشتہ دنوں بالی وڈ کی خبروں میں ریکھا اور امیتابھ بچن کا بہت عرصے بعد ایک بار پھر سے ایک ساتھ انیس بزمي کی فلم ’ویلکم بیک‘ میں نظر آنے کا امکان ظاہر کیا گيا تھا۔
اطلاعات کے مطابق ریکھا نے ڈیٹس کا بہانہ بنا کر فلم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کے مطابق وہ اسی عرصے میں اندر کمار کی فلم ’سپر نانی‘ میں کام کر رہی ہیں اس لیے وہ ’ویلکم بیک‘ کو وقت نہیں دے سکتیں۔
دوسری جانب امیتابھ بچن نے بھی اس فلم میں ادکاری سے انکار کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ’ویلکم بیک‘، سنہ 2007 کی ہٹ فلم ’ویلکم‘ کا سيكوئل ہے جس میں فیروز خان، اکشے کمار، قطرینہ کیف، نانا پاٹیکر اور انیل کپور کے ساتھ پریش راول نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
اب فیروز خان والا ڈان کا کردار فلم میں نصیر الدین شاہ ادا کریں گے اور جو رول ریکھا کو پیش کیا گیا تھا اسے اب ڈمپل كپاڈيا کے ادا کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔فلم میں نانا پاٹیکر اور انیل کام کریں گے۔
دھرمیندر کا بھوجپوری انداز

بالی وڈ کے سپر سٹار امیتابھ بچن کے بعد اب ان کے معاصر اور سدا بہار ہیرو دھرمیندر بھی بھوجپوری فلم میں نظر آئیں گے۔
فلم کا نام ہے ’دیس پردیس‘ اور یہ 20 دسمبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دیس پردیس میں اداکار قادر خان بھی مہمان کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم میں رتی اگنی ہوتری نے بھی ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔
’اب کبھی دہلی نہیں آؤں گا‘
بالی وڈ کے معروف اداکار سیف علی خان کی گذشتہ روز ریلیز ہونے والی فلم ’بلٹ راجہ‘ میں ایک مکالمہ ہے ’جب ہم آئیں گے تو گرمی بڑھ جائے گی۔‘
گذشتہ دنوں جب وہ دہلی آئے تو ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس سے ماحول میں گرمی آ گئی۔

ہوا کچھ یوں کہ دہلی الیکشن کمیشن کی ایک تقریب میں سیف علی خان اور سوناکشی سنہا کو پہنچنا تھا جہاں بڑی تعداد میں میڈیا والے بھی تھے۔ سیف اور سوناكشي وہاں پورے چار گھنٹے دیر سے پہنچے جس پر وہاں موجود صحافیوں کے صبر کا باندھ ٹوٹ گیا، سب ’سیف گو بیک‘ کے نعرے لگانے لگے اور تاخیر سے آنے پر ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
سیف نے معافی مانگنے سے انکار کر دیا اور کہا ’میں معافی نہیں مانگوں گا۔ یہ میری غلطی نہیں۔ میں ٹریفک میں پھنس گیا تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ فلمی ستاروں کو دہلی آنا ہی نہیں چاہیے۔ یہ میرا دہلی کا آخری دورہ ہے۔ اب میں صرف ممبئی میں ہی انٹرویو دیا کروں گا۔‘
سیف اور سوناكشي کو اس تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا ان دونوں کے علاوہ وہاں اداکار جمی شیرگل اور ہدایت کار تگمانشو دھولیہ بھی موجود تھے۔
بعد میں دہلی کے الکشن کمیشن کے ایک افسر نے بتایا کہ سیف نے اس معاملے پر معافی مانگ لی ہے۔
كے بي سي -7 کی خاتون کروڑپتی

مشہور ٹی وی گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے ساتویں ورژن کو پہلی کروڑ پتی خاتون مل گئی ہیں۔
اس شو کی آخری قسط میں ریاست اتر پردیش کی فیروز فاطمہ نے ایک کروڑ روپے کا انعام حاصل کیا۔ اس شو میں معلومات عامہ کے سوالات ہوتے ہیں۔
22 سالہ فیروز فاطمہ سائنس کی طالبہ ہیں اور انعام جیتنے کے بعد انھوں نے کہا کہ وہ ان پیسوں سے اپنے والد کے علاج کے لیے جو قرض لی تھی اس کی ادائيگی کریں گی اور باقی سے وہ کاروبار کریں گی۔
فیروز فاطمہ کی جیت والا یہ شو اتوار کو سونی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔







