راکھی اور پونم سے ڈمپل ناراض کیوں؟

ڈمپل کپاڈیا اپنے زمانے کی معروف اداکارہ ہیں جنھوں نے بوبی اور ساگر جیسی یادگار فلمیں دی ہیں
،تصویر کا کیپشنڈمپل کپاڈیا اپنے زمانے کی معروف اداکارہ ہیں جنھوں نے بوبی اور ساگر جیسی یادگار فلمیں دی ہیں

رواں ہفتے ریلیز ہونے والی فلم ’واٹ دا فش‘ کے پروموشن کے طریقے نے اس فلم میں اہم کردار نبھانے والی اداکارہ ڈمپل كپاڈيا کو سخت ناراض کر دیا ہے۔

فلم کی تشہیر کرنے والی پی آر کمپنی نے فلم کو پروموٹ کرنے کے لیے راکھی ساونت اور پونم پانڈے کو مدعو کیا گیا تھا حالانکہ ان دونوں کا اس فلم سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

بولڈ سین کرنے کے لیے شہرت رکھنے والی پونم پانڈے نے اس تقریب میں جانے سے قبل ٹوئٹر پر اپنی ایک ہیجان انگیز تصویر ڈالی اور یہ اعلان بھی کیا کہ ہے وہ ڈمپل كپاڈيا کے لیے بھی بے لباس ہو نے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

راکھی اور پونم دونوں ہی اس پروگرام میں بے حد شوخ کپڑے پہن کر گئیں۔

بہرحال ڈمپل كپاڈيا نے اس تقریب میں شرکت نہیں کی اور اطلاعات کے مطابق انھوں نے پی آر کمپنی سے اپنی ناراضگی بھی ظاہر کی۔

اطلاعات کے مطابق ان دونوں اداکاراؤں کو اس تقریب میں شرکت کے لیے بہت پیسے دیے گئے تھے۔

پرینکا کیبرے کرتی نظر آئیں گی

پرینکا چوپڑا مس ورلڈ رہ چکی ہیں
،تصویر کا کیپشنپرینکا چوپڑا مس ورلڈ رہ چکی ہیں

بالی وڈ کی معروف اداکارہ پرینکا چوپڑا نے اس سال فلم ’شوٹ آؤٹ ایٹ وڈالا،‘ ’ببلی بدمعاش،‘ ’زنجیر،‘ ’پنکی پیسے والوں کی‘ اور گذشتہ ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’رام لیلا‘ میں بھی ایک آئٹم نمبر کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اب وہ ایک فلم میں کیبرے ڈانس کرتی نظر آئیں گی۔

وہ یش راج بینر کے تحت بننے والی فلم ’غنڈے‘ میں اپنے زمانے کی معروف کیبرے ڈانسر ہیلن کی طرح کیبرے کریں گی۔

اطلاعات کے مطابق فلم ’غنڈے‘ آئندہ سال سنہ 2014 میں فروری کے مہینے میں ریلیز ہو رہی ہے۔ اس فلم میں رنویر سنگھ، ارجن کپور اور عرفان خان اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس فلم میں پرینکاچوپڑا مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ کی ایک لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں جو کیبرے کر کے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے۔

’چینّئی ایکسپریس‘ کے لیے اعزاز

چینّئی اکسپریس نے باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کا ریکارڈ قائم کیا تھا
،تصویر کا کیپشنچینّئی اکسپریس نے باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کا ریکارڈ قائم کیا تھا

بالی وڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون کی سنہ 2013 کی سپر ہٹ فلم ’چینئی ایکسپریس‘ کو امریکہ کی معروف وارٹن یونیورسٹی کی جانب سے خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

اس فلم کو سوشل میڈیا کے ذریعے ’بہترین طریقے سے مارکیٹنگ‘ کرنے کے لیے اعزاز دیا گیا ہے۔

ریلیز سے پہلے اور پھر اس کے بعد فلم کو سماجی رابطوں کی سائٹوں فیس بک، یو ٹیوب اور ٹوئٹر کے ذریعے زبردست طریقے سے پرموٹ کیا گیا۔

مبصرین کا خیال ہے کہ اس فلم کی تاریخ ساز کامیابی کے پیچھے بہت حد تک سماجی رابطے کی سائٹوں پر کیے جانے والے پروپگینڈے کا ہاتھ ہے۔