پرینکا چوپڑا اب امیتابھ اور عامر کی ہم پلہ

پرینکا چوپڑا نے رولز روئس خرید کر کاروں میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے
،تصویر کا کیپشنپرینکا چوپڑا نے رولز روئس خرید کر کاروں میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے

بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن اور عامر خان اگر ہندی فلم انڈسٹری کے میگا سٹار ہیں تو اداکارہ پرینکا چوپڑا کا بھی اپنا ہی سٹائل ہے۔

عام طور پر یہ کہا جاتا ہے کار اور رفتار کا شوق صرف مردوں کو ہی ہوتا ہے لیکن اداکارہ پرینکا چوپڑا نے اسے غلط ثابت کر دیا ہے۔

پرینکا چوپڑا نے رولز روئس گاڑی خریدی ہے اور اس کے ساتھ ہی اس معاملے میں وہ امیتابھ بچن، سنجے دت ، عامر خان اور جنوبی بھارت کے سٹار اداکار چرن جیوی کا ہم پلہ بن گئيں ہیں۔

پرینکا ہندی فلموں کی پہلی اداکارہ ہیں جنھوں نے رولز روئس خریدی ہے۔ تقریباً چار کروڑ روپے قیمت والی اس کار کے لیے پرینکا نے بینک سے قرض لیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پرینکا کو یہ کار رواں سال کے آخیر تک مل جائے گي۔ واضح رہے کہ پرینکا سے پہلے ملکہ شیراوت نے بھی رولز روئس خریدنے کی کوشش کی تھی، مگر وہ ناکام رہی تھیں۔

سوزین کے سٹور کا افتتاح

سوال یہ ہے کہ آیا سوزین اپنے سٹور کا افتتاح سلمان خان سے کروائیں گی یا پھر اپنے شوہر کا انتظار کریں گی؟
،تصویر کا کیپشنسوال یہ ہے کہ آیا سوزین اپنے سٹور کا افتتاح سلمان خان سے کروائیں گی یا پھر اپنے شوہر کا انتظار کریں گی؟

ریتک روشن کی اہلیہ سوزین روشن ممبئی کے ایک انتہائی پوش علاقے میں ہوم ڈیكور سٹور شروع کرنے والی ہیں۔ سٹور کا نام ’باندرہ 190‘ دیا گیا ہے۔ اس سٹور کے افتتاح کے لیے 11 دسمبر کی تاریخ طے کی گئی ہے۔

اب تک یہ کہا جا رہا تھا کہ اس سٹور کا افتتاح ریتک روشن کے ہاتھوں ہوگا، لیکن اب بظاہر ایسا ہوتا نظر نہیں رہا۔ ریتک اپنے دماغ کے علاج کے لیے بیرون ملک جا رہے ہیں اور وہ 16 دسمبر تک ہی ممبئی لوٹ پائیں گے۔

ایسے میں یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ سوزین روشن سلمان خان کے ہاتھوں اپنے سٹور کا افتتاح کروائيں گی۔ ایسے میں یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ آیا سوزین اپنے سٹور کا افتتاح سلمان خان سے کروائیں گی یا پھر اپنے شوہر کا انتظار کریں گی۔

راکھی ساونت کی ہدایت کے لیے تیاری

راکھی اب ہدایت کاری کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں
،تصویر کا کیپشنراکھی اب ہدایت کاری کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں

تنازعات کے لیے سرخیوں میں رہنے والی اداکارہ راکھی ساونت اب ہدایت کاری کے میدان میں اترنے کے لیے پر تول رہی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق راکھی ساونت ممبئی کے باہر قائم ایک فلم سکول میں ہدایت کاری کی تعلیم بھی حاصل کر رہی ہیں۔

راکھی ساونت کہتی ہیں کہ ان کے پاس کچھ کہانیاں ہیں۔ راکھی اس سے پہلے علاقائی زبانوں میں دو فلمیں پروڈوس کر چکی ہیں۔