۔۔۔تو اب تک میری شادی ہو گئی ہوتی: پریانکا

پرینکا نے اس سے قبل فلم کوئی مل گیا کے سیکوئل کرش میں بھی اداکاری کی ہے
،تصویر کا کیپشنپرینکا نے اس سے قبل فلم کوئی مل گیا کے سیکوئل کرش میں بھی اداکاری کی ہے

بالی وڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نئی فلم ’كرش 3‘ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس میں ان کا ڈبل رول ہے۔ شاید اسی لیے وہ اپنے کردار کے بارے میں خاصی پرجوش نظر آ رہی ہیں۔

انھوں نےمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کنوارے رہنے اور فی الحال شادی نہ کرنے کے بارے میں بھی بات کی۔ اب یہ دوسری بات ہے کہ بالی وڈ کی دیسی گرل کہلائی جانے والی پریانکا چوپڑا سے سات سال سے چھوٹے بھائی کی شادی کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

اپنی شادی کے متعلق خاندان کے رویے کے بارے میں پریانکا نے کہا: ’مجھ پر خاندان کی طرف سے شادی کے لیے کوئی دباؤ نہیں ہے۔ پاپا کی طرف سے بھی کبھی کوئی دباؤ نہیں رہا۔ لیکن میری ممی ضرور چاہتی تھیں کہ میرے بالغ ہونے کے ساتھ ہی میری شادی ہو جائے۔ ماں کا بس چلتا تو کئی سال پہلے ہی میرے ہاتھوں میں مہندی لگ چکی ہوتی۔ ماں تو بس یہی سوچتی رہتی ہیں کہ میری شادی ہو، کپڑے بنوانے ہیں ، زیورات کے انتخاب کرنے ہیں۔‘

پرینکا نے فلم اعتراض میں ویمپ کا کردار نبھایا ہے
،تصویر کا کیپشنپرینکا نے فلم اعتراض میں ویمپ کا کردار نبھایا ہے

پریانکا کے مطابق فی الحال ان کی توجہ کیریئر پر مرکوز ہے، تاہم انھوں نے شادی کے امکان سے انکار بالکل نہیں کیا۔ انھوں نے کہا ’اب تو ہندوستان میں اتنی تبدیلی آچکی ہے کہ آپ ورکنگ وومن ہو سکتی ہیں اور ساتھ میں آپ کی فیملی بھی ہو سکتی ہے۔‘

پریانکا کے والد اشوک چوپڑا حال ہی میں کینسر کے ہاتھوں فوت ہو گئے تھے۔ پریانکا کو اپنے والد کے انتہائی قریب سمجھا جاتا رہا ہے۔ وہ اپنے والد کو اپنا’سوپر ہیرو‘ مانتی ہیں۔

پریانکا نے کہا: ’میرے سوپر ہیرو میرے ڈیڈ تھے اور میں ان کی لاڈلی تھی۔ ہمیشہ مجھے ساری مشکلات سے بچا کر رکھا، مجھ پر کسی دکھ کا سایہ بھی نہیں پڑنے دیا۔‘

پرینکا کا دعویٰ ہےکہ وہ چلنجنگ کردار کا انتخاب کرتی ہیں
،تصویر کا کیپشنپرینکا کا دعویٰ ہےکہ وہ چلنجنگ کردار کا انتخاب کرتی ہیں

پریانکا کا خیال ہے کہ کوئی انسان کامل نہیں۔ انہوں نے کہا: ’مجھ میں بہت منفی چیزیں ہیں۔ مجھے فوری رزلٹ چاہیے۔ مجھ میں صبر بالکل نہیں ہے، اس کے علاوہ میں انتہائی جذباتی ہوں۔ زیادہ جذباتی ہونے کی وجہ سے زندگی میں کئی غلط فیصلے ہوئے۔‘

پریانکا چوپڑا رات میں کام کرنا زیادہ پسند کرتی ہیں۔ انہیں صبح جلدی اٹھنا قطعی پسند نہیں ہے۔

پرینکا چوپڑہ سنہ 2000 میں مس ورلڈ یعنی حسینہ عالم منتخب ہوئی تھیں
،تصویر کا کیپشنپرینکا چوپڑہ سنہ 2000 میں مس ورلڈ یعنی حسینہ عالم منتخب ہوئی تھیں

اپنے کھانے کی عادات کے بارے میں انھوں نے بتایا: ’میں کوئی باقاعدہ معمول نہیں اپناتي۔ میں کبھی بھی کچھ بھی کھا لیتی ہوں۔ میں فٹ ضرور ہوں لیکن صحت مند نہیں ہوں۔‘

پریانکا گلوکارہ بھی بن چکی ہیں۔ بطور گلوکار ان کے دو البم ’ان مائی سٹی‘ اور ’اگزاٹک‘ ریلیز ہو چکے ہیں۔ اس کے لیے پریانکا کی جہاں تعریف ہوئي، وہیں بڑے پیمانے پر ان پر تنقید بھی ہو رہی ہے۔

اس سلسلے میں انھوں نے کہا: ’جب آپ کچھ مختلف کرتے ہیں تو تنقید ہوتی ہی ہے۔ کچھ لوگ کام کو پسند نہیں کرتے۔ میں سیف زون میں رہتی تو شاید مجھے تنقید نہ ملتی۔ مگر جب میں خود ہی آگے بڑھ کر کچھ نیا کر رہی ہوں توایسا ہونا فطری ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’بھارت میں کسی اداکارہ نے میوزک میں کام نہیں کیا بلکہ پوری دنیا میں ایسی کم مثالیں ہیں کہ ایک اداکار گلوکار بھی ہو۔ البتہ گلوکار کو اداکار بنتے دیکھا گیا ہے جیسے جینیفر لوپیز، کشور کمار وغیرہ۔‘