بالی وڈ راؤنڈ اپ : عرفان سے پرہیز کیوں؟

،تصویر کا ذریعہFox Star Studio
’قطرینہ کیف مزدور ہیں‘
یہ شہ سرخی پڑھ کر حیران نہ ہوں یا اسے قطرینہ کیف کی برائی نہ سمجھیں۔
بات اس کے بالکل برعکس ہے۔ دراصل ان کے ساتھ تین فلموں میں اداکاری کرنے والے معروف اداکار ریتک روشن نے یہ لفظ قطرینہ کی تعریف میں کہے۔
ریتک کا کہنا ہے کہ قطرینہ انتہائی محنت کے ساتھ کام کرتی ہیں۔ ’وہ بالکل مزدور کی طرح ہیں۔ ان کی اسی خاصیت کی وجہ سے میں ان کو بہت پسند کرتا ہوں۔‘
ریتک اور قطرینہ کیف کی تیسری فلم ’بینگ بینگ‘ 2 اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔
اس سے پہلے یہ دونوں ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ اور ’اگنی پتھ‘ میں ساتھ کام کر چکے ہیں۔
بڑے پردے کے دھونی

،تصویر کا ذریعہSakshi Dhoni Twitter
سشانت سنگھ راجپوت پردۂ سیمیں پر بھارتی کرکٹر مہندر سنگھ دھونی کا کردار نبھا رہے ہیں۔ فلم کا پہلا پوسٹر جمعرات کو کئی اخبارات میں شائع ہوا۔
اس فلم کے خالق نیرج پانڈے ہیں جو اس سے قبل ’اے وینسڈے‘ اور ’سپیشل 26‘ جیسی فلمیں بنا چکے ہیں۔
دھونی کی اہلیہ ساکشی دھونی نے ٹوئٹر پر لکھا: ’پچھلے کچھ دنوں سے جاری تمام افواہوں کو دور کر رہی ہوں۔ وہ سب کی سب غلط ہیں۔ اصل بات یہ ہے۔ دیکھیے۔‘ اور اس کے بعد انھوں نے فلم کا پوسٹر ٹویٹ کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ فلم سنہ 2015 میں ریلیز ہوگی۔
فلم انسپايرڈ انٹرٹینمنٹ کے تحت بنائی جا رہی ہے اور یہ سپورٹس مینجمنٹ کمپنی ریتی سپورٹس کا ایک حصہ ہے۔
ریتی سپورٹس کا مہندر سنگھ دھونی کے ساتھ اشتہارکے معاملے میں معاہدہ ہے۔

عرفان سے پرینکا کو پرہیز
پرینکا چوپڑا نے مبینہ طور پر عرفان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ایک اخبار میں شائع خبر کے مطابق پرینکا نے پہلے تو فلم ’گستاخياں‘ میں کام کرنے لیے حامی بھردی یہاں تک کہ فلم سائن بھی کر لی لیکن جب انھیں پتہ چلا کہ فلم میں عرفان خان اہم اداکار ادا کر رہے ہیں تو پرینکا چوپڑہ نے فلم سے نام واپس لے لیا۔
اخبار کے مطابق پرینکا فلم میں کوئی بڑا سٹار چاہتی تھیں۔
اطلاعات کے مطابق فلم ’گستاخياں‘ مشہور شاعر ساحر لدھیانوی اور ادیب امرتا پریتم کے رشتوں پر مبنی ہوگی۔







