BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت:
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
بلوچستان: پیپلز پارٹی کی سبقت

بلوچستان میں ووٹ ڈالنے کا تناسب کم رہا
بلوچستان میں قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے اپنے مد مقابل مضبوط امیدواروں کو شکست دے دی ہے جبکہ صوبائی سطح پر بھی کوئٹہ کی چار نشستوں سمیت کل چھ نشستیں پیپلز پارٹی نے جیتی ہیں۔

اب تک کے نتائج کے مطابق بلوچستان کی سطح پر اگرچہ ووٹ ڈالنے کی شرح انتہائی کم رہی لیکن پشتون اور بلوچ قوم پرست جماعتوں کے بائیکاٹ کا فائدہ پیپلز پارٹی کو ہوا ہے ۔دیگر کئی حلقوں پر یا تو جمعیت علماءاسلام فضل الرحمان گروپ کے دونوں دھڑوں کے امیدواروں کے مابین مقابلہ تھا یا جمعیت اور مسلم لیگ قائد اعظم کے امیدوار ایک دوسرے کے مد مقابل تھے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ دو سو چھیاسٹھ جعفر آباد نصیر آباد پر پیپلز پارٹی کے امیدوار تاج محمد جمالی نے اپنے مد مقابل آزاد امیدوار ظہور کھوسہ کو ہرا دیا ہے۔ اس حلقہ پر گزشتہ انتخابات میں سابق وزیر اعظم میر ظفراللہ جمالی کامیاب ہوتے رہے ہیں۔ اس مرتبہ انہوں نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا لیکن اپنے بھائی عبدالرحمان جمالی کو مسلم لیگ قائد اعظم کے امیدوار کے طور پر سامنے لائے تھے۔ عبدالرحمان جمالی اپنی صوبائی اسمبلی کی نشست پر بھی ہار گئے ہیں۔ اس کے علاوہ حلقہ این اے دو سو اڑسٹھ قلات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار آیت اللہ درانی نے مجلس عمل کے رہنما غفور حیدری اور نیشنل پارٹی پارلیمنٹیرین کے رہنما سردار ثناءاللہ زہری کو شکست دی ہے۔ مولانا غفور حیدری اور ثناءاللہ زہری اس حلقے پر مضبوط امیدوار سمجھے جاتے تھے۔ اس علاقے میں ثناءااللہ زہری صوبائی اسمبلی نشست جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ این اے دو سو ساٹھ کوئٹہ چاغی کی سیٹ پر سردار عمر گورگیج نے پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کے امیدوار سردار فتح محمد حسنی کو شکست دی ہے۔ سردار فتح محمد حسنی ماضی میں پیپلز پارٹی کے ساتھ رہے لیکن صدر پرویز مشرف کے اقتدار میں آنے کے بعد وہ ملک سے باہر چلے گئے تھے اور ملک واپس آتے ہی مسلم لیگ قائد اعظم میں شمولیت کا اعلان کر دیا تھا۔

این اے دو سو چونسٹھ ژوب قلعہ سیف اللہ سے جمعیت علماء اسلام فضل الرحمان گروپ میں نظریاتی دھڑے کے رہنما مولوی عصمت اللہ کو برتری حاصل ہے اور ایم ایم اے کے صوبائی رہنما مولانا محمد خان شیرانی کو شکست کا سامنا ہے۔

ادھر این اے دو سو تریسٹھ لورالائی بارکھان سے پیپلز پارٹی کے امیدوار میر باز محمد کھیتران نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے حلقے میں شدید دھاندلی کی گئی ہے اور ان کے ووٹ ان کے مخالفین کو دیے گئے ہیں۔ اس حلقے سے مسلم لیگ قائد اعظم کے امیدوار سردار اسرار ترین کی برتری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ادھر این اے دو سو بہتر سے مسلم لیگ قائد اعظم کے امیدوار یعقوب بزنجو کو سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال پر برتری حاصل ہے۔ زبیدہ جلال آزاد امیدوار کے طور انتخابات میں حصہ لے رہی تھیں۔

صوبائی سطح پر اگرچہ مسلم لیگ قائد اعظم کے کوئی دس امیدوار کامیاب ہو چکے ہیں لیکن ان میں بیشتر امیدوار اپنی قبائلی حیثیت سے کامیاب ہوتے رہے ہیں۔ ان میں لورالائی سے سردار مسعود لونی خاران سے کریم نوشیروانی کے بیٹے شعیب نوشیروانی چاغی سے امان اللہ نوتیزئی ژوب سے شیخ جعفر مندوخیل نصیر آباد سے سلیم کھوسہ اور اسلم بھوتانی نمایاں ہیں۔

اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق صوبائی اسمبلی کے لیے پیپلز پارٹی کے چھ امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جبکہ جمعیت علماء اسلام کے چار مسلم لیگ قائد اعظم کے دس بلوچستان نیشنل پارٹی کے تین اور نو آزاد امیدوار شامل ہیں۔

اسی بارے میں
پشاور: پولنگ زیادہ تر سست رہی
18 February, 2008 | الیکشن 2008
پنجاب: کم ووٹر، بارہ ہلاک
18 February, 2008 | الیکشن 2008
سندھ: پولنگ پرامن رہی
18 February, 2008 | الیکشن 2008
ممکنہ اتحاد بنانے کا عمل شروع
18 February, 2008 | الیکشن 2008
مخصوص نشستیں اور خواتین سیاست
18 February, 2008 | الیکشن 2008
خواتین ووٹ ڈالنے نہیں نکلیں
19 February, 2008 | الیکشن 2008
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد