 | | | نواز شریف نے گزشتہ روز ہی اپنے امیدواروں سے عدلیہ کی آزادی سے متعلق حلف لیا تھا۔ |
سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد مسلم لیگ نواز اقتدار میں آنے کے بعد سب سے پہلے معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سمیت تمام برطرف کیے گئے جج بحال کرے گی۔ وہ جمعہ کو پنجاب کے شہر فیصل آباد کےنواحی علاقہ سانگلہ ہل میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں ایک جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ اٹھارہ فروری کو عوام اپنا کردار ادا کریں اور ملک سے آمریت کو رخصت کردیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز نے عدلیہ کی بحالی کے لیے اپنے تمام امیدواروں سے حلف لیا ہے اور مسلم لیگ نواز کے اقتدار میں آنے کے بعد جج بحال ہوجائیں گے۔ نواز شریف نے چودھری شجاعت حسین اور پرویز الہیْ پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ چودھری برادران میرے دائیں اور بائیں بیٹھے تھے لیکن اب اپنے ذاتی مفادات کے صدر پرویز مشرف کا ساتھ دے رہے ہیں۔ ان کے بقول ملک میں آٹے، گیس اور بجلی کا بحران کے ذمہ دار چودھری برادران ہیں اور ان کو عوام کے مسائل حل کرنے میں کوئی دل چسپی نہیں ہے۔ سابق وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ مسلم لیگ نواز اقتدار میں آکر بے زورگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کرے گی۔ |