مقدس پہاڑ پر برہنہ رقص سے لے کر نازی سیلوٹ تک: ’بدتمیز‘ سیاحوں کی عجیب و غریب حرکات

میکسیکو

،تصویر کا ذریعہTIK TOK/@angelalopeze

وہ تعداد میں کم لیکن بدتمیز اور بہت شور مچانے والے ہوتے ہیں اور کبھی کبھار تو خطرناک اور نقصان دہ بھی ثابت ہوتے ہیں۔ دنیا میں ایسے سیاحوں کا چرچا ہو رہا ہے جو سیاحت کے دوبارہ فروغ کے بعد اپنی بدمزاجی کی وجہ سے خبروں کی زینت بن رہے ہیں۔

ایک حالیہ واقعے میں ایک خاتون سیاح میکسیکو میں غیر قانونی طور پر ایک ہزار سال پرانے اہرام پر چڑھ گئی جہاں سے اس کو سکیورٹی نے نکالا تو غصے سے بھرے ہجوم نے گالیاں بھی دیں اور اس واقعے کی ویڈیو ٹک ٹاک پر وائرل ہو گئی۔

مارسیلو ریسی اقوام متحدہ کی عالمی تنظیم برائے سیاحت کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر ہیں اور وہ سیاحوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ ’اپنا رویہ اس طرح کا رکھیں جیسا اپنے گھر میں رکھتے ہیں۔‘

اس رپورٹ میں ہم نے 2022، یعنی کورونا کے بعد کے سیاحتی دور کے ان واقعات پر روشنی ڈالی ہے جن میں سیاح کسی دوسرے ملک میں بدتمیزی کے مرتکب ہوئے۔

ان میں ثقافتی ورثہ سمجھے جانے والے مقامات پر سکوٹر اور ڈرون ٹکرانے سے لے کر قدیم تصاویر پر لکھائی اور برہنہ سیلفی جیسے عجیب و غریب واقعات بھی شامل ہیں۔

میکسیکو کے اہرام پر ناچ

میکسیکو کی قدیم مایا تہذیب کے کوکلچن اہرام کی 91 سیڑھیاں سیاحوں کے لیے 2008 سے بند ہیں۔ ان پر چڑھنا منع ہے کیونکہ یہ ایک مقدم مقام سمجھا جاتا ہے تاہم 20 نومبر کو ایک خاتون سیاح نے اس قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے نہ صرف اس اہرام کے اوپر بنے مندر کے کمرے میں پیر رکھے بلکہ وہاں ناچنا شروع کر دیا۔

اس نامعلوم خاتون کو سکیورٹی نے باہر نکالا تو وہاں موجود افراد نے ان پر چلانا شروع کر دیا اور ان کے بال کھینچے۔

اس خاتون پر پانی بھی پھینکا گیا اور ان کے اس عمل پر آن لائن دنیا میں تنقید کی گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق اس خاتون کو بھاری جرمانے کے بعد جیل سے رہا کیا گیا۔ میکسیکو کے نیشنل انسٹیٹیوٹ برائے اینتھروپولوجی اور تاریخ نے ایک بیان میں کہا کہ ’اہرام کو اس واقعے کے دوران کوئی نقصان نہیں پہنچا۔‘

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: بی بی سی دیگر ویب سائٹس کے مواد کی ذمہ دار نہیں ہے۔

X پوسٹ کا اختتام

اٹلی میں کشتیاں چرانے، سکوٹر اور ڈرون ٹکرانے کے واقعات

اٹلی بین الاقوامی سیاحوں کی ایک اہم منزل ہوتی ہے اور اسی وجہ سے یہاں پر اس طرز کے واقعات بھی زیادہ دیکھنے کو ملتے ہیں۔

جون میں دو امریکی سیاحوں نے روم میں تاریخی ہسپانوی سیڑھیوں پر اپنے سکوٹر پھینک دیے جس سے سنگ مرمر کا ایک ٹکڑا ٹوٹ گیا۔

حکام نے بتایا کہ 18ویں صدی کے اس ثقافتی مقام کی مرمت پر 27 ہزار امریکی ڈالر خرچہ ہو گا۔

اٹلی

،تصویر کا ذریعہPolizia Roma Capitale

اپریل میں ارجنٹائن کے سیاح نے روم میں اپنا ڈرون اڑایا تو تھوڑی دیر بعد وہ 15ویں صدی کے پلازو وینیزا کی چھت سے جا ٹکرایا۔

اس سے چند دن قبل میکسیکو سے آنے والے دو سیاح پیسا کے جھکے ہوئے ٹاور کے ساتھ یہی سلوک کر چکے تھے۔

اکتوبر میں دو فرانسیسی سیاحوں کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب انھوں نے وینس میں ایک کشتی چرا کر اس پر موجود سجاوٹی سامان پانی میں پھینک دیا۔

اٹلی میں صرف 2022 میں 43 سیاحوں کو اس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ وینس کی نہروں میں تیراکی کر رہے تھے جو ممنوعہ عمل ہے۔ 2021 میں اس جرم میں 24 سیاح گرفتار ہوئے تھے۔

بالی کے مقدس پہاڑ پر برہنہ رقص

رواں سال اپریل کے مہینے میں انڈونیشیا نے ایک کینیڈین شخص کو اس وقت ملک بدر کر دیا گیا جب ایسی ویڈیوز منظر عام پر آئیں جن میں اسے بالی جزیرے میں باتور پہاڑ کی چوٹی پر برہنہ رقص کرتے دیکھا گیا۔

واضح رہے کہ یہ ایک آتش فشاں چوٹی ہے جسے بالی کی چار مقدس پہاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

اس غیر ملکی سیاح نے بعد میں ویڈیوز کو ہٹا دیا اور اپنے رویے پر معافی مانگی۔

بالی کے امیگریشن آفس کے ڈائریکٹر نے بعد میں ایک بیان جاری کیا جس میں انھوں نے تمام غیر ملکی سیاحوں کو پیغام دیا کہ ’ہمارے قوانین اور ثقافتی اقدار کا احترام کریں۔‘

بالی جزیرے میں باتور پہاڑ کی چوٹی
،تصویر کا کیپشنبالی جزیرے میں باتور پہاڑ کی چوٹی

مصر میں برہنہ سیلفی کی کوشش

سات نومبر کو اہرام مصر کے سامنے ایک خاتون نے برہنہ سیلفی لینے کی کوشش کی تو سکیورٹی حکام نے ان سے درخواست کی کہ وہ کپڑے پہن لیں۔

مصر کی وزارت سیاحت نے اس واقعے کے بعد بیان میں کہا کہ ’کھلے عام کپڑے اتارنا مصر کے قوانین اور روایات کی خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے۔‘

تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس خاتون سیاح نے سکیورٹی حکام کی بات مان لی جس کے بعد ان کو ’بنا کسی رکاوٹ کے اپنا سیاحتی دورہ مکمل کرنے دیا گیا۔‘

 اہرام مصر
،تصویر کا کیپشن اہرام مصر

یہ بھی پڑھیے

امریکہ میں قدیم تصاویر کو ناقابل تلافی نقصان

پیٹرو گلف ایسی نایاب تصاویر کو کہا جاتا ہے جو قدیم تہذیبوں نے پتھروں پر بنائیں تھیں تاہم امریکی ریاست ٹیکساس میں چند سیاحوں نے بگ بینڈ نیشنل پارک میں موجود ایسی ہی ایک نایاب تصویر پر اپنے نام لکھ دیے۔

پارک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’اس عمل سے پیٹرو گلف کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا جس میں چند درندوں نے اپنا نام اور تاریخ اس قدیم آرٹ پر لکھ دیا۔‘

پارک کے بیان میں کہا گیا کہ ’بگ بینڈ نیشنل پارک ہم سب کا ہے اور یہ طرز عمل اس خوبصورتی اور تاریخ کو تباہ کرتا ہے جسے امریکی عوام محفوظ بنانا چاہتے ہیں۔‘

بگ بینڈ نیشنل پارک

،تصویر کا ذریعہNational Park Service

نازی سیلوٹ پر گرفتاری

پولینڈ میں موجود اوشویٹز حراستی مرکز دوسری عالمی جنگ کے اس تاریک باب کی علامت ہے جب یہاں قیدیوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا تاہم جنوری میں جب ایک 29 سالہ خاتون سیاح نے اس پرانے قید خانے کے گیٹ پر نازی سیلوٹ کیا تو اسے گرفتار کر لیا گیا۔

واضح رہے کہ یہ کیمپ ہٹلر کی نازی جرمن حکومت نے پولینڈ پر قبضے کے بعد جنوبی قصبے اوشویکیم میں تعمیر کیا تھا۔

اس مقام پر 10 لاکھ یہودیوں سمیت 11 لاکھ افراد کو موت کے گھاٹ اتارا گیا۔

ان گمنام خاتون پر الزام عائد کیا گیا کہ انھوں نے نازی پروپیگینڈا میں حصہ لیا اور ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔

پولینڈ کی خبر رساں ایجنسی پی اے پی کے مطابق اس خاتون نے بعد میں کہا کہ ’یہ عمل ایک برا مذاق تھا۔‘

آشوٹس حراستی مرکز

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشناوشویٹز حراستی مرکز

بدتمیز سیاحوں سے نمٹنے کے لیے کیا کیا جا رہا ہے؟

اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق 2022 میں جنوری سے ستمبر کے درمیان تقریبا 70 کروڑ سیاحوں نے بین الاقوامی سفر کیا۔ یہ تعداد 2021 کے اسی دورانیے کے مقابلے میں ایک 133 فیصد زیادہ ہے۔

تاہم سیاحوں کی بدتمیزی کے ایسے واقعات کے بعد چند شہر اور حکومتیں ان سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

اٹلی کے شہر سورینٹو میں تیراکی کا لباس پہن کر کھلے عام پھرنے والے سیاحوں پر جولائی میں 520 ڈالر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

سپین کے شہر ویگو میں ساحل سمندر پر رفع حاجت کرنے والے سیاحوں پر 670 ڈالر کا جرمانہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

سیاح

،تصویر کا ذریعہReuters

امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں حکام نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی دنیا کے بلند ترین درخت تک پہنچنے کی ضد کرے گا، جو ممنوعہ ہے، تو اسے پانچ ہزار ڈالر جرمانہ اور چھ ماہ تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں سیاحوں نے اس درخت کو نقصان پہنچایا تھا۔

اقوام متحدہ کی عالمی تنظیم برائے سیاحت کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر مارسیلو ریسی کا کہنا ہے کہ اس طرح کا سلوک کسی کو قبول نہیں۔

وہ تسلیم کرتے ہیں کہ سیاحوں کی اکثریت نئے تجربات کرنا چاہتی ہے اور سفر کی شوقین ہے جو دیگر ثقافتوں کے بارے میں جاننے کی خواہش رکھتی ہے اور اچھا رویہ اپناتی ہے۔

انھوں نے سیاحوں کو مشورہ دیا کہ بیرون ملک ویسا ہی رویہ اپنائیں جیسا اپنے گھر میں اپناتے ہیں۔