بنکاک: دو سیاحوں کو مندر کے سامنے برہنہ تصویر بنانے پر گرفتار کر لیا گیا

دونوں سیاحوں کو ہوائی اڈے پر گرفتار کیا گیا

،تصویر کا ذریعہThai Immmigration Police

،تصویر کا کیپشندونوں سیاحوں کو ہوائی اڈے پر گرفتار کیا گیا

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں دو امریکی سیاحوں کو مشہور مندر واٹ آرون کے سامنے برہنہ تصویر بنانے پر گرفتار کر لیا گیا۔

یہ تصویر ان دونوں نے سماجی رابطوں کی سائٹس ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر ڈالیں۔

تھائی لینڈ کے امیگریشن حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ گرفتار کیے گئے سیاحوں جوزف اور ٹریوس ڈیسلوا کی عمریں 38 برس ہیں اور انھیں جرمانے کے بعد ملک بدر کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

تھائی لینڈ میں بدھ مت کی توہین اور اس پر کسی بھی قسم کا حملہ تصور کیے جانے والے افعال کے لیے سخت قوانین ہیں۔

ان دونوں سیاحوں کو منگل کی شام ڈون مویانگ کے ہوائی اڈے پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ملک چھوڑ کر جا رہے تھے۔

تھائی لینڈ کی امیگریشن محکمے کے نائب ترجمان کرنل چیؤنگرون رمپادی نے بی بی سی کو بتایا کہ متنازع سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد سے یہ دونوں افراد ہماری واچ لسٹ میں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد ان کے ویزیے منسوخ کر دیے جائیں گے اور انھیں ملک بدر کر دیا جائے گا۔ ان دونوں کو آئندہ تھائی لینڈ آنے کے لیے بھی بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔‘

انھوں نے مزید بتایا کہ انہھیں بنکاک کے یائی پولیس سٹیشن لایا گیا جہاں ان پر عوامی مقام پر برہنہ ہونے کا الزام عائد کیا گیا۔ اس کے لیے مقامی قانون میں 153 ڈالر کے مساوی جرمانے ہے۔

تاہم تھائی حکومت اور پولیس کے دیگر حکام کے مطابق ان کے خلاف الزامات مزید سنگین بھی ہو سکتے ہیں۔

ان سیاحوں نے اپنی برہنہ تصویر انٹر نیٹ پر شائع کر دی

،تصویر کا ذریعہInstagram

،تصویر کا کیپشنان سیاحوں نے اپنی برہنہ تصویر انٹر نیٹ پر شائع کر دی

تھائی لینڈ میں بودھ مقامات پر جانے والوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ باپردہ لباس پہنیں اور اپنے کندھوں اور ٹانگوں کو ڈھانپ کر رکھیں۔

سیاحوں کو یہ بھی تاکید کی جاتی ہے کہ وہ بدھا کی تصاویر اور مجسمے سوغات کے طور پر نہ خریدیں۔

سنہ 2015 میں چار یورپی سیاحوں کو ملائیشیا میں جیل کی سزا اور جرمانہ کیا گیا تھا جنھوں نے کینابالو کی پہاڑی پر نیم برہنہ تصاویر بنوائیں یہ مقام بدھ مت میں مقدس سمجھا جاتا ہے۔

سنہ 2015 میں دو امریکی خواتین کو بھی گرفتار کرنے کے بعد جرمانہ اور ملک بدر کر دیا تھا کیونکہ انھوں نے کمبوڈیا کے انگکور واٹ کمپلیکس میں برہنہ تصاویر بنائی تھیں۔