جلد کے کینسر کے بارے میں آگاہی کے لیے آسٹریلیا کے ساحل بونڈائے پر برہنہ رضاکاروں کا پوز

beach

،تصویر کا ذریعہGetty Images

تقریباً 2500 برہنہ رضاکاروں نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے مشہور ساحل بونڈائے پر علی الصبح تصاویر کے لیے پوز کیا جس کا مقصد جلد کے کینسر کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔

یہ امریکی فوٹوگرافر سپینسر ٹیونک کا تازہ ترین پراجیکٹ ہے جس کے ذریعے آسٹریلیا کے لوگوں کو جلد کا باقاعدگی سے معائنہ کرنے کی ترغیب دینا تھا۔

beach

،تصویر کا ذریعہGetty Images

اس شوٹ کے لیے ساحل پر برہنہ ہونے سے متعلق قانون کو تبدیل کیا گیا تھا۔

ورلڈ کینسر ریسرچ فنڈ کے مطابق آسٹریلیا دنیا کا وہ ملک ہے جو جلد کے کینسر سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔

bondi

،تصویر کا ذریعہGetty Images

صبح تین بج کر تیس منٹ سے رضاکاروں نے ساحل پر جمع ہونا شروع کر دیا تاکہ وہ اس تقریب کا حصہ بن سکیں۔

یہ فوٹو شوٹ سکن چیک چیمپیئنز نامی فلاحی ادارے کے تعاون سے منعقد کروایا گیا تھا اور یہ سکن کینسر سے متعلق آگاہی کا ہفتہ ہے۔

مقبول فنکار ٹیونک نے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے پاس جلد کا معائنہ کروانے کے لیے آگاہی فراہم کرنے کا یہ اچھا موقع ہے۔ یہاں آ کر میں نے آرٹ بنایا اور جسم کے بارے میں فرسودہ خیالات کا خاتمہ کرنا ہے اور اس کی حفاظت کے بارے میں آگاہی پھیلائی۔‘

bondi

،تصویر کا ذریعہGetty Images

بروس فشر جن کی عمر 77 سال ہے انھوں نے اس ایونٹ میں شرکت کی اور بعدازاں خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اپنی آدھی زندگی دھوپ میں گزاری ہے اور اپنی کمر سے دو مرتبہ کینسر کی رسولیوں کی سرجری کروائی ہے۔‘

’میرے خیال میں یہ ایک ایسی وجہ تھی جس کے بارے میں میں آگاہی فراہم کرنا چاہتا تھا اور مجھے ساحل بونڈائے پر کپڑے اتارنا ویسے ہی پسند ہے۔

ٹیونک اس سے پہلے بھی دنیا کے سب سے مقبول مقامات پر بڑے پیمانے پر برہنہ افراد کی تصاویر بنا چکے ہیں۔