شمالی کوریا کا آبدوز سے بیلسٹک میزائل تجربہ ناکام

،تصویر کا ذریعہAP
جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے ایک آبدوز سے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جو کہ اپنے ابتدائی مرحلے میں ناکام ہو گیا ہے۔
جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے یہ ٹیسٹ جزیرہ نما کوریا کے مشرقی سمندری حصے میں کیا ہے۔
اس سے پہلے اس نے تین ماہ قبل ایک آبدوز سے اسی قسم کا تجربہ کیا تھا جو کہ ناکام رہا۔
شمالی کوریا کے بارے میں خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ اقوام متحدہ نے کسی بھی قسم کے بیلسٹک میزائل کے تجربے کے لیے اس پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق، شمالی کوریا کسی بھی طرح کی بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کر سکتا ہے۔
شمالی کوریا کے خطرے سے نمٹنے کے لیے امریکہ اور جنوبی کوریا نے ایک میزائل ڈیفنس سسٹم لگانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

،تصویر کا ذریعہEPA
جنوبی کوریا کی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے سنپو کے ساحل سے دور سمندر سے مقامی وقت کے مطابق 11:30 پر میزائل کا تجربہ کیا۔
شمالی کوریا نے اس بارے میں ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے تاہم جنوبی کوریائی فوج کے بیان میں کہا گيا ہے کہ ’ایس ایل بی امی آبدوز سے معمول کے مطابق چھوڑا گيا لیکن یہ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ وہ اپنی ابتدائی پرواز میں ناکام رہا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس میں مزید کہا گیا: ’ہماری فوج شمالی کوریا کی جانب سے اس قسم کے اشتعال انگیز عمل کی سختی کے ساتھ مذمت کرتی ہے۔‘
اس سے قبل رواں ہفتے امریکہ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان پر پانبدی عائد کی تھی جسے پیانگ یونگ نے ’کھلے جنگی اعلان‘ کے مترادف قرار دیا تھا۔







