جرمنی: ’حملہ آور ذہنی مریض اور منشیات کا عادی ہے‘

،تصویر کا ذریعہAP
جرمنی کے شہر میونخ میں حکام کے مطابق ایک ریلوے سٹیشن کے قریب چاقو کے وار سے ایک مسافر کو ہلاک اور دیگر تین کو زخمی کرنے والا شخص نفسیاتی مسائل کا شکار اور منشیات کا عادی ہے۔
اس شخص نے منگل کو جی ایم ٹی وقت کے مطابق تین بجے کے قریب گرافنگ سٹیشن کے قریب چار افراد پر حملہ کیا تھا۔ ان میں سے ایک شخص ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
حملہ کرنے والے 27 سالہ جرمن شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
چند عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ اس شخص نے ’اللہ اکبر‘ بھی پکارا تھا۔
تاہم ریاست باواریا کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’تاحال ہمیں ایسے شواہد نہیں ملے کہ اس عمل کے اسلامی شدت پسندانہ محرکات تھے۔‘
ترجمان اولیور پلاٹزر نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہمیں معلوم ہوا ہے کہ اس شخص کو نفسیاتی اور منشیات کے مسائل ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
مشتبہ شخص کی شناخت جرمن شہری کے طور پر ہوئی ہے اور بظاہر وہ وسطی جرمنی کے علاقے ہیسن کا رہائشی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAP
اس سے قبل پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے ’سیاسی محرکات‘ کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
باوریا کے وزیرداخلہ یوآخم ہیرمان کے مطابق یہ ایک خوفناک حملہ تھا اور ایک اور زخمی کی حالت تشویش ناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا شواہد نہیں ملے کہ وہ شخص تارک وطن تھا۔ انھوں نے کہا کہ ’تاحال ریاست کے سکیورٹی سے متعلقہ کوئی بات سامنے نہیں آسکی۔‘
میونخ سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گرافنگ سٹیشن پر بنائی گئی ویڈیو میں پلیٹ فارم اور ٹرین میں خون کے نشانات دیکھے جا سکتے تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ایک شخص پر ٹرین میں جبکہ دیگر افراد پر سٹیشن کی عمارت کے باہر چاقو سے وار کیے گئے تھے۔







