جرمنی:الجیریا کا شہری جنسی حملوں کے الزام سے بری

جرمنی کے شہر کولون میں نئے سال کے جشن میں شریک خواتین پر جنسی حملوں کے پہلے مقدمے میں الجیریا کے باشندے کو جنسی حملوں کے الزام سے بری کر دیا گیا ہے ۔

الجیریہ کے اس 26 سالہ نوجوان پر خواتین پر جنسی حملے اور چوری کے الزامات لگائے گئے تھے۔

ان پر الزام تھا کہ وہ ایک دس رکنی گروہ میں شامل تھے جس نے نئے سال کی آمد پر رات کے پچھلے پہر شہر کے مرکزی ریلوے سٹیشن پر ایک خاتون کو گھیر کر ان سے دست درازی کی۔

اس سال کے آغاز پر جرمنی میں ہونے والے جشن کے دوران شکل و صورت سے شمالی افریقہ اور عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے بہت سی خواتین سے دست درازی اور لوٹ مار کی تھی۔

اس موقع پر جرمنی میں ایک ہزار سے زیادہ شکایات درج کی گئی تھیں جن میں سو سے زیادہ ایسی تھیں جو تنہا خواتین کو شہر کے مرکزی ریلوے سٹیشن کے قریب گھیر کر جنسی حملوں اور لوٹ مار سے متعلق تھیں۔

سرکاری وکلا کے مطابق خواتین کو گھیرنے کے بعد ان عورتوں کے ساتھ دست درازی کی گئی۔

سرکاری وکلا کا کہنا ہے چوری اور لوٹ مار کے الزام میں پہلے ہی نو افراد کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔