فلسطینی شخص کے حملے میں امریکی سیاح ہلاک

جفا میں حملہ ساحل سمندر کے پاس ہوا

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنجفا میں حملہ ساحل سمندر کے پاس ہوا

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ تل ابیب اور یروشلم میں ہونے والے حملوں میں ایک امریکی سیاح ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تل ابیب کے جنوب میں جفا کے مقام پر ایک شخص نے چاقو کے حملے میں دس افراد کو نشانہ بنایا ہے جن میں ہلاک ہونے والے امریکی سیاح ٹیلر فورس بھی شامل ہیں۔

اس وقت امریکی نائب صدر جو بائیڈن جائے حادثہ کے قریب ایک تقریب میں شریک تھے۔

اس سے قبل مقبوضہ مشرقی یروشلم میں دو اسرائیلی پولیس اہلکاروں پر گولیاں چلائی گئیں جن میں وہ زخمی ہو گئے ہیں۔ اور تل ابیب کے نزدیک پیتہ تکوا میں ایک انتہائی قدامت پسند یہودی پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ ان تینوں حملوں میں شامل حملہ آور فلسطینی تھے اور انھیں ہلاک کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنپولیس کا کہنا ہے کہ تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے

پولیس کا کہنا ہے کہ جفا کے حملہ آور نے ساحلی علاقے میں کئی لوگوں کو زخمی کیا اور پھر شہر کی جانب بھاگنے کے دوران کئی دوسرے لوگ بھی اس کے چاقو کی زد میں آئے۔

میگن ڈیوڈ ادوم ایمبولینس سروس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویش ناک ہے۔

امریکی سیاح ٹیلر فورس ٹینیسی کی وانڈربلٹ یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا اور وہ عالمی کاروبار اور سٹارٹ اپس کے بارے میں مزید معلومات کے لیے اسرائیل کے دورے پر تھا۔

یہ بات یونیورسٹی کے چانسلر نیکولس زیپو نے طلبہ کو ایک خط کے ذریعے بتائی اور انھوں نے یہ بھی بتایا کہ باقی طلبہ محفوظ ہیں اور اس واقعے کو ’خطرناک تشدد‘ قرار دیا۔

زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گيا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنزخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گيا ہے

وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’مسٹر بائیڈن نے، جو اسرائیل کے سابق صدر شائمن پیریز کے ساتھ پیریز سنٹر فار پیس میں منعقدہ ایک تقریب میں شریک تھے، اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور امریکی زندگی پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔‘

پولیس نے بتایا کہ حملہ آور غرب اردن کے شہر قلقلیا کا 21 سالہ نوجوان تھا جسے جائے حادثے پر ہی مار دیا گيا۔

جو بائڈن اور سابق اسرائیلی صدر جائے واقعہ کے پاس ایک تقریب میں شریک تھے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنجو بائڈن اور سابق اسرائیلی صدر جائے واقعہ کے پاس ایک تقریب میں شریک تھے

تل ابیب کے نزدیک پیتہ تکوا میں ہونے والے حملے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور اپنے ہی چاقو سے ہلاک ہو گیا جبکہ جس یہودی کو نشانہ بنایا گيا تھا اسے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔