مقبوضہ غرب اردن میں چاقو کے وار سے ایک اسرائیلی ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
اسرائیل میں حکام کا کہنا ہے کہ مقبوضہ غرب اردن میں دو نوجوان فلسطینیوں نے چاقو سے حملہ کر کے ایک اسرائیلی شخص کو ہلاک کر دیا ہے۔
بعد میں ایک مسلح شخص ن ےان 14 سالہ حملہ آوروں کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ جنھیں بعد میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
یہ واقعہ اسرائیل کے زیر کنٹرول صنعتی علاقے میں ایک سپر مارکیٹ میں پیش آیا ہے۔
اسرائیل کے مطابق اکتوبر 2015 سے اب تک 160 سے زائد فلسطینیوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے جبکہ 30 اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے شخص کے شناخت 21 سالہ فوجی تویا ویسمین کے نام سے ہوئی ہے جو حملے کے وقت ڈیوٹی پر نہیں تھے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق ایک اور اسرائیلی شخص کو بھی چاقو کے وار سے زخمی کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ جن کی حالت بہتر بتائی گئی ہے۔
ہسپتال ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں میں سے ایک کی حالت نازک ہے جبکہ دوسرے حملہ آور کی حالت تشویش ناک ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر بن یامین صنعتی زون جمعے کو ورک پرمٹ رکھنے والے افراد کے علاوہ باقی تمام فلسطینیوں کے لیے بند ہوگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فلسطینی پرتشدد واقعات میں حالیہ اضافے کے لیے اسرائیل کے غرب اردن پر مسلسل قبضے اور مشرق وسطیٰ کی امن کی کوششوں میں ناکامی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔
جبکہ اسرائیل فلسطینی رہنماؤں اور اسلام پسند گروہوں پر تشدد کو بڑھانے کا الزام لگاتا ہے۔
حال ہی میں پیش آنے والے کئی واقعات میں نوجوان فلسطینی ملوث رہے ہیں۔







