ٹرمپ نے موسولینی سے منسوب قول ری ٹویٹ کیا

،تصویر کا ذریعہTwitter
امریکہ میں ری پبلکن پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ نے اٹلی کے فسطائی رہنما بنیتو موسولینی سے منسوب ایک قول کو ری ٹویٹ کیا ہے۔
’بھیڑ کی طرح 100 سال جینے سے بہتر ہے کہ شیر کی طرح ایک دن جیا جائے۔‘ پر مبنی یہ ٹویٹ ایک مزاقاً بنائے گئے اکاؤنٹ سے کیا گیا جس میں ٹرمپ کا بھی ٹوئٹر ہینڈل شامل کیا گیا۔
یہ اکاؤنٹ @ilduce2016 کے نام سے ہے جو موسولینی کا اطالوی خطاب ہے۔
جب ٹرمپ سے اس ٹویٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا جواب تھا کہ وہ دلچسپ اقوال کے ساتھ منسوب ہونا پسند کرتے ہیں۔
این بی سی کے پروگرام میں ان کا کہنا تھا ’ موسولینی ، موسولینی تھے۔ اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔ کیا اس نے آپ کی توجہ حاصل نہیں کی؟‘

،تصویر کا ذریعہReuters
موسولینی نے سنہ 1922 سے لے کر سنہ 1943 تک اٹلی میں حکومت کی اور سنہ 1943 میں انھوں نے امریکہ سے جنگ کی۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسے رویے تازہ مثال ہے جس سے کسی دوسرے امیدوار کو تو سخت نقصان پہنچتا لیکن ایسا لگتا ہے کہ ریپبلکن پارٹی کے صف اول کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
ان کی مہم میں کئی چونکانے والے لمحات آئے جن میں سے ایک ان کے سابق حریف اور نیو جرسی کے گورنر کرس کرسٹی کی جانب سے ان کی توثیق کیا جانا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے سیاست کا تجربہ نہ ہوتے ہوئے بھی اب تک صدارتی امیدوار کے چناؤ کے لیے اب تک ریاستوں میں ہونے والے چار کاکسز یا پارٹی انتخابات میں سے تین میں کامیابی حاصل کی ہے۔
آئندہ منگل کو اسی سلسلے میں مزید 11 ریاستوں میں ووٹنگ ہونے والی ہے۔







