کرس کرسٹی کا ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان

کرس کرسٹی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل میں ہی ریپبلکن پارٹی کے پاس وائٹ ہاؤس تک پہنچنے کا بہترین موقع ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنکرس کرسٹی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل میں ہی ریپبلکن پارٹی کے پاس وائٹ ہاؤس تک پہنچنے کا بہترین موقع ہے۔

امریکی ریاست نیوجرسی کے گورنر کرس کرسٹی نے صدارتی انتخاب میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ارب پتی تاجر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

کرس کرسٹی ابتدا میں خود بھی اس سلسلے میں امیدوار تھے لیکن انھوں نے اعدادوشمار کی دوڑ میں پیچھے رہ جانے کے بعد دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

جمعے کو ایک پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ ’میں خوش ہوں کہ میں ٹرمپ کی ٹیم میں ہوں اور ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔‘

انھوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل میں ہی ریپبلکن پارٹی کے پاس وائٹ ہاؤس تک پہنچنے کا بہترین موقع ہے۔

کرس کرسٹی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیڈ کروز اور مارک روبیو جیسے جونیئر سینیٹ ابھی اس عہدے کے لیے ’تیار نہیں ہیں۔‘

کرسٹی نے ٹرمپ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ میں سیاست کرنے کے طریقوں کی کتاب از سرِ نو تحریر کر رہے ہیں کیونکہ وہ ایسی طاقتور قیادت فراہم کر رہے ہیں جس کا دارومدار ’سٹیٹس کو‘ پر نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں اب سے نومبر کے درمیان ڈونلڈ کی حمایت میں تمام ممکن اقدامات کروں گا تاکہ ان کی مہم جو پہلے ہی عمدہ ہے مزید بہتر ہو جائے۔‘

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے سیاست کا تجربہ نہ ہوتے ہوئے بھی اب تک صدارتی امیدوار کے چناؤ کے لیے اب تک ریاستوں میں ہونے والے چار کاکسز یا پارٹی انتخابات میں سے تین میں کامیابی حاصل کی ہے۔

آئندہ منگل کو اسی سلسلے میں مزید 11 ریاستوں میں ووٹنگ ہونے والی ہے۔

اس ووٹنگ سے قبل جمعرات کو آخری مباحثے میں ٹرمپ کو ٹیڈ کروز اور مارکو روبیو کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا رہا ہے۔

اس بحث میں امیگریشن، صحت اور لاطینی ووٹرز کے مسائل سرِ فہرست رہے جو بعد میں تلخ کلامی اور ذاتی بے عزتی میں بدل گئے۔

،تصویر کا ذریعہReuters

گذشتہ چند ’پرائمریز‘ میں دوسرے نمبر پر آنے والے مارکو روبیو کا ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں کہنا تھا کہ اگر ان کے پاس 20 کروڑ ڈالر کے موروثی اثاثے نہ ہوتے تو پھر انھیں معلوم ہوتا کہ وہ کہاں کھڑے ہوتے؟ وہ مین ہٹن میں گھڑیاں بیچ رہے ہوتے۔

مارکو روبیو نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ناکام تعلیمی منصوبے ٹرمپ یونیورسٹی پر بھی تنقید کی اور انھیں ان کے تعمیری منصوبوں میں امریکی افراد کو نوکری دینے کی بجائی غیر ملکی کارکنوں کو نوکری دینے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اس پر ٹرمپ نے چیختے ہوئے روبیو کو جواب دیا ’میں نے دسیوں ہزار افراد کو نوکری دی لیکن تم نے کسی کو نوکری نہیں دی۔‘

،تصویر کا ذریعہGetty

ٹیڈ کروز نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ جو سودے باز کے طور پر مشہور ہیں ان کو سپریم کورٹ میں قدامت پسند جج لگانے کی ذمہ داری نہیں سونپی جا سکتی۔

بحث کے دوران زیادہ تر امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ٹیکس کی معلومات عام کریں جس پر کروز اور روبیو نے کہا کہ وہ اپنے ٹیکس کی معلومات چند دنوں تک عام کر دیں گے۔

ٹرمپ نے اپنے مخالفین سے خطاب کرتے ہوئے میکسیکو کے سابق صدر کے بیان کا حوالہ دیا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ میکسیکو امریکہ اور میکسیکو کے درمیان بنائی جانے والی سرحدی دیوار پر آنے والی لاگت پر کبھی پیسہ نہیں دے گا جس پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میکسیکو اس دیوار کے لیے رقم دے گا۔

،تصویر کا ذریعہReuters

بحث کے دوران ٹرمپ نے روبیو کے بارے میں کہا کہ وہ سڑک پر فنکاری دکھانے والے ایک فنکار ہیں جو سٹیج پر پرفارم کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ جس کے جواب میں روبیو نے ٹرمپ کو کہا ’آپ ایک ناکام کاروباری شخص ہیں۔‘