دولتِ اسلامیہ پر روس اور فرانس کے فضائی حملوں میں اضافہ

روسی حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ 48 دنوں میں اس کی ایئر فورس نے شام میں 23 سو فضائی کارروائیاں کی ہیں

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنروسی حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ 48 دنوں میں اس کی ایئر فورس نے شام میں 23 سو فضائی کارروائیاں کی ہیں

روس اور فرانس نے شام میں خود کو دولتِ اسلامیہ کہنے والی شدت پسند تنظیم کے خلاف فضائی حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

منگل کو روس نے سمندر سے اور طویل فاصلے تک پرواز کرنے والے بمبار طیاروں سے دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں کو کروز میزائل سے نشانہ بنایا۔

دوسری جانب فرانس نے بھی شام میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف جنگی جہازوں سے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

روس کی جانب سے دولتِ اسلامیہ کے خلاف جاری فضائی کارروائیوں میں شدت اس وقت آئی ہے جب ملک سکیورٹی چیف نے تصدیق کی ہے کہ مصر کے علاقے سینا میں تباہ ہونے والے روسی مسافر طیارے کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ 48 دنوں میں اس کی ایئر فورس نے شام میں 23 سو فضائی کارروائیاں کی ہیں۔

اس کے علاوہ پیرس میں جمعے کو ہونے والے حملوں کے بعد روسی صدر ولادی میر پوتن نے بحری فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ بحیرۂ روم میں موجود فرانسیسی بحری جہازوں سے اتحادی کی طرح تعاون کریں۔

روس نے بمبار طیاروں سے کروز میزائل بھی فائر کیے ہیں

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنروس نے بمبار طیاروں سے کروز میزائل بھی فائر کیے ہیں

روس کے صدر ولادی میر پوتن نے پیر کی رات سکیورٹی اجلاس میں کہا ہے کہ ان کے ملک کی شام میں جاری کارروائیوں میں شدت لائی جانی چاہیے۔

’ شام میں ہماری فضائی کارروائیاں نہ صرف جاری رہنی چاہییں بلکہ ان کو زیادہ تیز کیا جانا چاہیے تاکہ مجرموں کو اندازہ ہو کہ انتقام ناگزیر ہو چکا ہے۔‘

منگل کو روس نے دوسری بار سمندر سے شام میں کروز میزائل داغے۔ روس کی وزارتِ دفاع کے مطابق بحیرۂ روم میں موجود آبدوز سے یہ میزائل دولتِ اسلامیہ کے مضبوط گڑھ رقہ میں تنظیم کے تربیتی مراکز اور شہر کے قریب اسلحہ کے ڈپو پر داغے گئے۔

اس کے علاوہ روس نے طویل فاصلے تک پرواز کرنے والے بمبار طیاروں کو بھی شام میں استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ ان طیاروں سے کروز میزائل فائر کیے گئے۔

پیر کو فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیرس پر حملوں کے بعد فرانس دولت اسلامیہ کو تباہ کرنے کے لیے پر عزم ہے اور دولت اسلامیہ کے خلاف جاری فرانس کی فوجی کارروائیوں میں بھی مزید شدت لائی جائے گی۔