پیرس حملہ آور کے بھائی کو چھوڑ دیا گیا

عبدالسلام صالح کے بارے میں خیال ہے کہ وہ پیرس میں ہونے والے حملوں میں براہِ راست ملوث ہیں جبکہ ان کے بھائی محمد عبدالسلام کو چھوڑ دیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہOthers

،تصویر کا کیپشنعبدالسلام صالح کے بارے میں خیال ہے کہ وہ پیرس میں ہونے والے حملوں میں براہِ راست ملوث ہیں جبکہ ان کے بھائی محمد عبدالسلام کو چھوڑ دیا گیا ہے

بیلجیئم کے حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے پیرس کے حملہ آوروں میں سے ایک کے بھائی کو رہا کر دیا ہے۔

رہا کیے جانے والے شخص محمد عبدالسلام کے بھائی بارہم ان حملہ آوروں میں سے ایک تھے جنھوں نے باتاکلان تھیئٹر میں خودکش حملے کر کے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔

ان کے ایک اور بھائی صالح عبدالسلام کو فرانسیسی پولیس کی جانب سے اہم مشتبہ فرد سمجھا جا رہا ہے۔

محمد عبدالسلام کی وکیل نیٹلی گیلنلٹ نے کہا کہ ان کے موکل کو ان کے بھائی کی موت کی تفصیلات صرف ایک گھنٹے قبل معلوم ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر خبروں میں آنے کے بعد ان کے موکل کی زندگی کا مقصد اب اپنے خاندان کی خدمت کرنا ہے اور اُسی جگہ اپنی ملازمت کو برقرار رکھنا ہے جہاں وہ دس برس سے کام کر رہے ہیں۔

ان کے بھائی نے رہائی کے بعد کہا کہ ان کے خاندان کو نہیں معلوم کہ صالح کہاں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری دعائیں متاثرین اور ان کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔