پیرس کے عجائب گھر پیر سے دوبارہ کھل رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP
پیرس میں جمعے کے روز ہونے والے بم حملوں کے بعد پیر کو دوپہر 12 بجے عوامی عجائب گھر اور دیگر تہذیبی مقامات دوبارہ کھلنا شروع ہو جائیں گے۔
حملوں کے بعد شہر میں سنیچر کے روز سخت سکیورٹی انتظامات نافذ کیے گئے تھے جن کے تحت لوور میوزیئم اور موزے ڈورسے جیسے کئی مقبول سیاحتی مقامات بند کر دیے گئے تھے۔
فرانسیسی وزیر ثقافت فلاغ پیلرن نے کہا کہ یہ تمام ادارے فرانسیسیعوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے پورے یورپ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے بعد دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔
پریس کے حملوں میں اب تک 129 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ درجنوں کی حالت تشویش نا ک ہے۔
رات نو بجے کے بعد پیرس کے ان علاقوں میں سلسلہ وار حملوں کا آغاز ہوا جہاں رات میں زیادہ تر لوگ جاتے ہیں۔
سب سے زیادہ مہلک حملہ باتاکلان تھیٹر میں ہوا جہاں اس وقت امریکی راک بینڈ ’ایگلز آف ڈیتھ میٹل‘ پرفارم کر رہا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مس پیلرن نے کہا کہ ’ایلے ڈا فرانس‘ کے خطے میں عوامی ثقافتی اداروں کے سکیورٹی انتظامات بڑھانے میں حکومت مدد فراہم کرے گی۔
پیرس میں اِختتام ہفتے کے دوران یو ٹو، موٹر ہیڈ، فو فائٹرز اور ڈیف ٹونز جیسے مقبول موسیقار بینڈز کی کئی کنسرٹ ہونا تھے، تاہم انھیں منسوخ کر دیا گیا۔
مس پیلرن نے کہا کہ فرانس میں ایک سانحہ پیش آیا ہے لیکن ’اس شہر کو پہلے سے بھی زیادہ ثقافت کی ضرورت ہے جہاں لوگ آ کر اپنے آپ کو جان سکتے ہیں۔‘







