شام میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف فرانس کے فضائی حملے

فرانس کا کہنا ہے کہ اس نے شام میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف فضائی حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔
فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند کے دفتر سے اتوار کو جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ان کی فضائیہ نے ان ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جن کی نشاندہی گذشتہ دو ہفتوں کے دوران جاسوسی کے دوران کی گئی تھی۔
بیان میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں پر بمباری کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ ’داعش کو نشانہ بنا کر ہم نے یہ ثابت کیا ہے کہ ہمارا ملک دہشت گردی کے خطرے کے خلاف جنگ میں پر عزم ہے۔ جب بھی ہماری قومی سلامتی کو خطرہ ہو گا تو ہم کارروائی کریں گے۔‘
فرانسیس صدر کے مختصر بیان میں شام کے بحران کے حل کے لیے عالمی طاقتوں سے ایسے حل کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے جو شہریوں کو ہر قسم کے تشدد سے محفوظ رکھے۔
تاہم انھوں نے زمینی فوج بھجوانے کو خارج از امکان قرار دیا تھا۔
حالیہ کارروائی سے قبل فرانس بھی برطانیہ کی طرح صرف عراق میں ہی دولتِ اسلامیہ کو نشانہ بناتا آیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رواں ماہ برطانیہ کی حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ملک کی فضائیہ نے ڈرون کے ذریعے شامی حدود کے اند ایک کارروائی کر کے دولتِ اسلامیہ کے لیے لڑنے والے دو برطانوی شہریوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ کی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد گزشتہ ایک سال سے شام اور عراق میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف فضائی کارروائی کر رہا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق شام کی خانہ جنگی میں دو لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس دوران 90 لاکھ سے زائد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔







