کیمرون: خودکش حملے میں 19 افراد ہلاک

حکام کو خدشہ ہے کہ ان حملوں کی ذمہ دار نائیجیریا میں سرگرم شدت پسند تنظیم بوکو حرام ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنحکام کو خدشہ ہے کہ ان حملوں کی ذمہ دار نائیجیریا میں سرگرم شدت پسند تنظیم بوکو حرام ہے

افریقی ملک کیمرون شمالی قصبے ماروئا میں ایک خودکش حملے میں حملہ آور سمیت کم از کم 19 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سنیچر کی شام ایک مقبول بار میں ہونے والے اس بم دھماکے میں دیگر متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

یاد رہے کہ تین روز قبل اسی قصبے میں یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

حکام کو خدشہ ہے کہ ان حملوں کی ذمہ دار نائیجیریا میں سرگرم شدت پسند تنظیم بوکو حرام ہے۔

کیمرون کو فوج اس قصبے کو بوکو حرام کے خلاف کارروائیوں کے لیے صدر مقام کے طور پر استعمال کرتی ہے۔ نائیجیریا میں موجود بوکو حرام کے خلاف ایک بین الاقوامی اتحادی فورس کام کر رہی ہے جس میں متعدد افریقی ممالک کی فوج شریک ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے دوران نائیجریا میں پرتشدد حملوں میں تقریباً تین سو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اس سال کے آغاز میں بوکوحرام نے اطلاعات کے مطابق عراق اور شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے ساتھ وفاداری کا اعلان کیا تھا۔

کیمرون کو فوج ماروئا کو بوکو حرام کے خلاف کارروائیوں کے لیے صدر مقام کے طور پر استعمال کرتی ہے۔ فائل فوٹو

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکیمرون کو فوج ماروئا کو بوکو حرام کے خلاف کارروائیوں کے لیے صدر مقام کے طور پر استعمال کرتی ہے۔ فائل فوٹو

اقوام متحدہ نے گذشتہ سال بوکوحرام تنظیم پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

بوکوحرام اسلام کے ایسے سخت گیر نظریے کی پیروی کرتا ہے جو مسلمانوں کو کسی بھی قسم کی مغربی طرز کی سیاسی یا معاشرتی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے منع کرتا ہے۔ اس میں انتخابات میں حصہ لینا، ٹی شرٹیں پہنا یا سیکولر تعلیم حاصل کرنا بھی شامل ہیں۔

شدت پسند تنظیم بوکوحرام نے افریقہ کی سب سے پرتشدد بغاوت شروع کر رکھی ہے۔ اس نے نائیجیریا کے بڑے حصوں پر تسلط قائم کر لیا ہے اور نائجیریا کی سالمیت کے لیے خطرہ بننے کے علاوہ پڑوسی ملک کیمرون کے ساتھ بھی سرحد پر نیا محاذ کھولا ہے۔

حکام کا خیال ہے کہ نائجیریا کے شمال مغرب میں جاری شورش سے پیدا ہونے والے انسانی بحران سے تقریباً 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

اس تنظیم کے سربراہ ابوبکر شیکاؤ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک تنہائی پسند، بے خوف اور پیچیدہ شخصیت کے مالک ہیں۔