ڈنمارک میں آزادئ رائے کےسیمینار پر فائرنگ، 1 شخص ہلاک

،تصویر کا ذریعہkopenhagen
ڈنمارک کی پولیس کے مطابق کوپن ہیگن میں آزادئ رائے کے بارے میں جاری ایک سیمینار میں فائرنگ سے تین پولیس افسران زخمی جبکہ ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
واقعے میں ملوث دو مسلح افراد تاحال مفرور بتائے جا رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق عمارت کے باہر 40 سے زیادہ گولیاں چلائی گئیں۔
پیغمبرِ اسلام کے خا کے بنانے والے سویڈن کے متنازعہ کارٹونسٹ ’لارس ولکس‘ بھی اس سیمینار میں موجود تھے۔
حملے کےکچھ دیر بعد ہی فرانسیسی سفیر ’فرانسوا زمئغ‘ نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ انھیں کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔
اس حملے کے نتیجے میں سامنے آنے والی ایک آڈیو ریکارڈنگ میں ایک مقرر کی تقریر میں اچانک گولیوں کی آواز سے خلل پیدا ہوتا سنائی دیتا ہے۔
عینی شاہدین نائلز اوار لارسن نے اے پی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں نے ایک خودکار مشین گن سے فائرنگ کی آواز سنی اور پھر کسی کے چیخنے کی آوازیں سنیں۔ جب پولیس نے جوابی فائرنگ کی تو میں بار کے نیچے چھُپ گیا۔‘
کوپن ہیگن میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے عمارت کو گھیرے میں لے کر علاقے کی ناکہ بندی کردی ہے اور مقامی پارک کی بھی تلاشی لی جا رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
حکام کا کہنا ہے کہ وہ دہ مشتبہ حملہ آوروں کی تلاش میں ہیں جو حملے کی جگہ سے کار میں فرار ہو گئے۔
یہ بحث جو ایک کیفے میں منعقد ہوئی کے بارے میں لارس ولکس نے اپنی ذاتی ویب سائٹ پر لکھا کہ اس کا موضوع یہ تھا کہ آزادئ اظہار کے فنکارانہ اظہار کی کوئی حد ہونی چاہیے یا نہیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
اس تقریب کے حوالے سے دستیاب تفصیل میں لکھا گیا تھا کہ کیا فنکاروں کو خصوصاً چارلی ایبڈو کے حملے کے بعد اپنے فن کے اظہار کرتے ہوئے توہین کا ارتکاب کرنے کی جرات کرنی چاہیے یا نہیں؟
لارس ولکس کو درپیش خطرات کے حوالے سے لکھا گیا تھا کہ جہں بھی وہ پبلک میں خطاب کرتے ہیں وہاں ’سخت سکیورٹی‘ ہوتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
یاد رہے کہ 2007 میں لارس ولکس نے پیغمبرِ اسلام کے گستاخانہ خاکے بنائے تھے جس کے خلاف دنیا بھر میں مسلمانوں نے احتجاج کیا تھا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس سیمینار کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ حملہ واضح طور پر لارس ولکس پر کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
یاد رہے کہ 2010 میں جنوبی سویڈن میں واقعہ کارٹونسٹ کے گھر کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی گئی تھی جس کے الزام میں دو بھائیوں کو قید کی سزا ہوئی تھی۔
مزاحیہ فنکار جو اسلام پر تنقید کرتے ہیں اور ان پر جنوری میں پیرس میں ہونے والے حملوں کے بعد سے توجہ ہے جن میں تین مختلف واقعات میں 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے کہا ہے کہ اُن کے وزیرِ داخلہ برنارڈ کیزینیو جلد ہی ڈنمارک کے دارالحکومت کا دورہ کریں گے۔
ڈنمارک کے اخبارات میں 2005 میں پیغمبرِ اسلام کے خاکے شائع کیے گئے تھے جس کے بعد دنیا بھر میں فسادات ہوئے جس کے نتیجے میں کئی فراد اپنی جان سے گئے۔







