پیرس: حملہ آوروں کی تلاش تیسرے دن میں داخل

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں مشہور رسالے ’چارلی ایبڈو‘ کے دفتر پر حملہ کرنے والے مشتبہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے پیرس کے شمال مشرقی دیہی علاقوں میں خصوصی فورسز کی مدد سے ایک بڑا سرچ آپریشن جاری ہے۔
مشتبہ حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے ہزاروں سکیورٹی اہلکاروں نے بدھ کو آپریشن شروع کیا تھا۔
پولیس ولر کوتریت نامی قصبے کے نزدیکی علاقوں میں تلاش کر رہی ہے جہاں اطلاعات کے مطابق دونوں مشتبہ حملہ آوروں نے ایک پیٹرول پمپ لوٹا تھا۔
پولیس قریبی لونگ پورٹ گاؤں کا محاصرہ کر کے مشتبہ حملہ آوروں شریف اور سعید کوچی کو ڈھونڈنے کے لیے گھر گھر تلاشی لے رہی ہے جبکہ داخلی راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
فرانس کے وزیرِ داخلہ کے مطابق پیرس میں حملے کے بعد ملک میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور فوج کے اضافی 88 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بدھ کو چارلی ایبڈو کے دفتر پر تین مسلح افراد کے حملے میں آٹھ صحافیوں اور دو پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کو رسالے کے دفتر پر کیے جانے والے حملے اور جمعرات کو پیرس کے ایک میٹرو سٹیشن پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون پولیس اہلکار کی ہلاکت کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔
حکام کے مطابق پیرس کے میٹرو سٹیشن پر حملہ کرنے والا مسلح شخص فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
فرانس کے حکام نے دارالحکومت پیرس کی سکیورٹی پہلے ہی سے ہائی الرٹ کر رکھی ہے جبکہ پولیس اور انسدادِ دہشت گردی کے خصوصی یونٹ ملک کے شمال میں چارلی ایبڈو کے دفتر پر حملہ کرنے والے افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
فرانس میں لوگوں نے جمعرات کو بھی چارلی ایبڈو کے دفتر پر حملے میں ہلاک ہونے والے 12 افراد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے شمعیں روشن کیں اور گرینج کے معیاری وقت کے مطابق شام سات بجے ایفل ٹاور کی بتیاں بجھا دی گئیں۔
فرانس میں جمعرات کو عوامی مقامات پر ایک منٹ کی خاموش اختیار کی گئی اور چارلی ایبڈو کے دفتر کے باہر سینکڑوں افراد نے اکٹھے ہو کر ہلاک ہونے والے افراد کو یاد کیا۔
اس کے علاوہ نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 ارکان نے بھی کھڑے ہو کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
ادھر فرانس میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں پر حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
فرانس کے علاقے پوٹیئرز کی ایک مسجد جبکہ جنوبی حصےمیں واقعہ اوڈی میں ایک دوسری عبادت گاہ پر فائرنگ کی گئی۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
فرانس کے وزیرِ داخلہ نے اس واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عبادت کرنے والی کسی بھی جگہ پر ایسی حرکت کو برداشت نہیں کریں گے۔
اس سے قبل فرانسیسی میڈیا کا کہنا تھا کہ چارلی ایبڈو پر فائرنگ کرنے والے دو مشتبہ حملہ آوروں نے آئن کے علاقے میں ولر کوتریت کے قریب واقع سروس سٹیشن لوٹا تھا۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق لوٹے گئے سروس سٹیشن کے مینیجر کے مطابق لوٹ مار کرنے والے دونوں افراد مشتبہ حملہ آوروں سے مشابہت رکھتے تھے اور وہ کلاشنکوفوں اور دستی بموں سے مسلح تھے۔
اس سے پہلے حکام نے کہا تھا کہ ایک مشتبہ حملہ آور نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے جبکہ دیگر دو مشتبہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے جاری آپریشن کے دوران سات افراد کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ رسالے پر حملے کرنے والے تین مشتبہ حملہ آوروں کی شناخت ہو گئی ہے۔ ان میں ایک 32 سالہ شریف ہیں اور ان کے 34 سالہ بھائی سعید۔ تیسرے حملہ آور کا نام حمید مراد ہے اور ان کی عمر 18 سال ہے۔







