سنوڈن کی گرل فرینڈ ماسکو میں

ایڈورڈ سنوڈن پر مبنی دستاویزی فلم میں پہلی بار یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کی دیرینہ دوست ماسکو میں ان سے ملی ہیں

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنایڈورڈ سنوڈن پر مبنی دستاویزی فلم میں پہلی بار یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کی دیرینہ دوست ماسکو میں ان سے ملی ہیں

امریکہ کے خفیہ راز افشا کرنے والے ایڈورڈ سنوڈن کے وکیل نے کہا ہے کہ سنوڈن کی گرل فرینڈ ان سے ملنے ماسکو پہنچ گئی ہیں۔

جمعے کو یہ بات پہلے پہل ایک دستاویزی فلم کے ذریعے سامنے آئی تھی کہ سنوڈن کی طویل عرصے سے دوست رہنے والی امریکی رقاصہ لِنزی ملز جولائی سے ان کے ساتھ ماسکو میں رہ رہی ہیں۔

سنوڈن کے وکیل اناتولی کوچیرینا نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا: ’محبت تو آخر محبت ہے۔ وہ جب بھی یہاں آتی ہیں ان کے ساتھ رہتی ہیں۔ ایڈورڈ کے لیے اخلاقی ہمدردی بہت ضروری ہے۔‘

انھوں نے بتایا کہ ویزے کی وجہ سے ملز ماسکو میں مستقل طور پر نہیں رہتی ہیں، تاہم وہ یہاں آتی رہتی ہیں۔

اس سے قبل امریکہ سے مفرور سنوڈن کو گذشتہ سال اگست میں روس نے پناہ دی تھی۔ پناہ سے پہلے امریکہ نے ان کی سفری دستاویزات منسوخ کر دی تھیں۔

31 سالہ ایڈورڈ سنوڈن نے ہزاروں کی تعداد میں امریکہ کی خفیہ دستاویزات افشا کی تھیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشن31 سالہ ایڈورڈ سنوڈن نے ہزاروں کی تعداد میں امریکہ کی خفیہ دستاویزات افشا کی تھیں

سنوڈن پہلے اپنی لنزی ملز کے ساتھ امریکی ریاست ہوائی میں رہتے تھے۔ سنوڈن کے وکیل نے مزید کہا کہ اب یہ دونوں روس کی سیر میں مشغول ہیں۔

کچیرینا نے کہا کہ ’دونوں تھیئٹر اور ثقافتی تقاریب میں شرکت کے لیے ساتھ ساتھ جاتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ انھوں نے یہ باتیں لورا پوائترس کی دستاویزی فلم کے بعد کہیں۔ جمعے کو نیویارک میں پیشگی دکھائی جانے والی اس دستاویزی فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ملز موسم گرما میں سنوڈن سے ملیں۔

یہ دستاویزی فلم 24 اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہے جس میں سنوڈن کو ہمدردانہ انداز میں پیش کیا گیا ہے کہ وہ کس طرح ہانگ کانگ کے ایک ہوٹل میں پھنسے ہوئے ہیں اور ساری دنیا میں ان کی افشا کی ہوئی خبر سے تہلکہ مچا ہوا ہے۔

’سٹیزن فور‘ نامی اس فلم میں سنوڈن اور ملز کا بہت ہی خوشگوار دوستانہ ملن دکھایا گیا ہے۔

پوتریاس نے اپنی فلم سٹیزن فور میں سنوڈن کی ہمدردانہ عکاسی کی ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنپوتریاس نے اپنی فلم سٹیزن فور میں سنوڈن کی ہمدردانہ عکاسی کی ہے

31 سالہ ایڈورڈ سنوڈن نے ہزاروں کی تعداد میں امریکہ کی خفیہ دستاویزات افشا کی تھیں۔

برطانوی اخبار گارڈیئن اور امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والی معلومات میں امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے فون اور انٹرنیٹ کی جاسوسی کے ضمن میں بڑے پیمانے پر انکشافات کیے گئے تھے۔

ایڈورڈ سنوڈن امریکی حکومت کی طرف سے لوگوں کی نگرانی کرنے کے خفیہ پروگرام ’پرِزم‘ کی تفصیلات سامنے لانے کے الزام میں امریکی حکام کو مطلوب ہیں۔

امریکہ میں ایڈورڈ سنوڈن پر سرکاری مواد چرانے، بغیر اجازت دفاعی معلومات فراہم کرنے اور خفیہ معلومات دانستہ افشا کرنے کے الزامات ہیں۔