ڈیوڈ کیمرون کا ایرانی صدر سے ’پہلا‘ رابطہ

دونوں رہنماؤں نے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے بات چیت کی
،تصویر کا کیپشندونوں رہنماؤں نے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے بات چیت کی

برطانوی وزیرِاعظم کی سرکاری رہائش ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ کا کہنا ہے ڈیوڈ کیمرون وہ پہلے وزیرِاعظم ہیں جنھوں نے ایک عشرے کے بعد ایرانی صدر حسن روحانی کو ٹیلی فون کیا ہے۔

ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے بات چیت کی۔

ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان جنیوا میں ہونے والے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی اور بدھ سے دوبارہ شروع ہونے والے مذاکرات میں اس پیش رفت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ برطانیہ اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے لیے کوششیں جاری رہنی چاہییں۔

برطانیہ اور ایران نے شام میں جاری خونریزی کے خاتمے کے لیے اس کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔

اس سے قبل ایرانی صدر حسن روحانی نے پیر کو عالمی رہنماؤں کو خبردار کیا تھا کہ وہ ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے غیر ضروری مطالبات نہ کریں۔

ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان بدھ کو جنیوا میں ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات شروع ہوں گے۔

اس سے قبل ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جنیوا میں تین روزہ مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہو گئے تھے۔

تین روزہ مذاکرات کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی برادری کو لاحق خدشات کو ختم کرنا تھا۔ ان مذاکرات میں ایران کے ساتھ امریکہ، برطانیہ، روس، فرانس، چین اور جرمنی شریک تھے۔

مغربی ممالک کو شک ہے کہ ایران کا یورینیئم کی افزودگی کا مقصد جوہری ہتھیار بنانا ہے جبکہ ایران اس کی سختی سے تردید کرتا ہے۔