امریکی فوجی اڈّے کے 8 افغان مزدور ہلاک

حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان کے لوگر صوبے میں امریکی فوجی اڈّے پر کام کرنے والے آٹھ افغان شہریوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب یہ افراد صبح کے وقت کام کرنے کے لیے فوجی اڈے کی طرف جا رہے تھے۔

مقامی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پندرہ سے پچیس سال عمر کے یہ افراد ایک وین میں سفر کر رہے تھے جب انھیں مسلح افراد نے روکا اور گاڑی سے اتار کر گولیاں مار دیں۔

ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس کے پیچھے طالبان کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔

کابل سے بی بی سی کے نامہ نگار سنجوئے مجومدر کا کہنا ہے کہ طالبان نے رمضان کے مہینے میں اپنی کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔