بیروت: حزب اللہ کے مضبوط گڑھ میں دھماکہ

شامی باغیوں نے حزب اللہ کو ٹارگٹ کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے
،تصویر کا کیپشنشامی باغیوں نے حزب اللہ کو ٹارگٹ کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں عسکری تنظم حزب اللہ کے ایک مضبوط گڑھ میں ہونے والے کار بم دھماکے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

امدادی ادارے ریڈ کراس نے بی بی سی کو بتایا کہ بیروت کے علاقے بیرلعباد میں ہونے والے اس دھماکے میں سینتیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ایک نجی ٹیلی وی چینل پر دیکھائے جانے والے مناظر میں گاڑیوں کو آگ لگی ہوئی تھی اور علاقے میں کالے دھویں کے بادل تھے اور آگ بجھانے والا عملہ آگ پر قابو کی کوشش کی رہا تھا۔

حزب اللہ کے ٹی وی چینل ال مینار کے مطابق اسلامک سینٹر کی کار پارکنگ میں کھڑی گاڑی میں دھماکہ ہوا۔

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق حزب اللہ کے ایک رہنما زید ویکد نے ال مینار ٹی وی چینل کو بتایا کہ’یہ ایک پیغام ہے لیکن ہم جھکیں گے نہیں‘۔

حزب اللہ کے ایک رکن پارلیمان نے بی بی سی کو بتایا کہ اس واقعے کی ذمہ داری کسی پر عائد کرنا ابھی بہت جلدی ہو گا۔

حزب اللہ شام میں صدر بشارالاسد کی حامی ہے اور باغیوں کے خلاف کارروائیوں میں شامی فوج کا ساتھ دے رہے ہیں جبکہ باغیوں نے حزب اللہ کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔

شام کی سکیورٹی فورسز نے گزشتہ ماہ حزب اللہ کے جنگجوؤں کی مدد سے باغیوں کے قبضے میں شہر قصیر پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔