عراق: سلسلہ وار دھماکوں میں 16 افراد ہلاک

عراق میں حالیہ برسوں کے دوران تشدد کے واقعات میں تیزی آئی ہے
،تصویر کا کیپشنعراق میں حالیہ برسوں کے دوران تشدد کے واقعات میں تیزی آئی ہے

عراق میں حکام کے مطابق دارالحکومت بغداد کے کیفوں میں ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں میں کم سے کم 16 افراد ہلاک ہو گئے۔

حکام کے مطابق یہ دھماکے جمعرات کی شام اس وقت ہوئے جب بغداد کی کافی کی دکانوں میں بیٹھے لوگ ٹی وی پر فٹبال میچ دیکھ رہے تھے۔

واضح رہے کہ عراق میں رواں ہفتے کےشروع میں دو خود کش دھماکوں میں دس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

عراق میں حالیہ برسوں کے دوران تشدد کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔

عراق میں مساجد، ریستوان اور بازاوں میں دھماکے ہوتے رہتے ہیں۔

جمعرات کو ہونے والے دو دھماکے ملک کے شمالی اور جنوبی حصوں میں واقع کیفے میں ہوئے جہاں سینکڑوں نوجوان ٹی وی پر فٹبال میچ دیکھنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔

خبر رساں ایجنسی رائیٹرز کے مطابق ان دھماکوں میں کم سے کم آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔

اطلاعات کے مطابق دارالحکومت بغداد کے جنوب میں واقع کافی کی دکانوں پر بھی دھماکے ہوئے۔

خیال رہے کہ جون 2008 کے بعد عراق سب سے خونی مہینہ ثابت ہوا جب 1045 عراقی شہری اور سکیورٹی اہلکار پرتشدد واقعات میں مارے گئے تھے۔