’شام جنیوا کانفرنس میں شرکت کے لیے تیار‘

اس سے قبل فرانس نے شام کے بحران پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں ایران کی شرکت کی مخالفت کی تھی
،تصویر کا کیپشناس سے قبل فرانس نے شام کے بحران پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں ایران کی شرکت کی مخالفت کی تھی

روس کے دفترِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنیوا میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شام نےشرکت کی اصولی طور پر حامی بھر لی ہے۔

روسی دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ شام نے اجلاس میں شرکت کی حامی بھر لی ہے تاکہ ’شام کی صورتحال کا سیاسی حل شامی عوام ہی نکالے‘۔

روسی دفترِ خارجہ نے بیان میں کہا ہے ’ہمیں تسلی ہوئی ہے کہ شامی حکومت نے جنیوا میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کرنے کی اصولی حامی بھر لی ہے تاکہ شام خود ملک کی صورتحال کا سیاسی حل تلاش کرسکے۔‘

دوسری جانب باغیوں کا سب سے بڑے گروہ نے جمعہ کو بھی بین الاقوامی کانفرنس کے حوالے سے دوسرے روز بھی بات چیت جاری رکھی۔

اس سے قبل فرانس نے شام کے بحران پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں ایران کی شرکت کی مخالفت کی تھی۔

فرانس کے دفترِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ شام کے بحران سے خطے کا استحکام خطرے میں ہے اور جو ملک اس استحکام کو خطرے میں ڈال رہا ہے اس کو کانفرنس میں مدعو نہیں کیا جانا چاہیے۔

بین الاقوامی کانفرنس میں ایران کی شرکت کا معاملہ روس نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان گی مون کے ساتھ ملاقات میں اٹھایا تھا۔

اقوام متحدہ کے سربراہ اور روس کے وزیر خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ شام کی صورتحال پر کانفرنس کا انعقاد جلد سے جلد کیا جائے۔