ملالہ اور جولی نے سکول فنڈ کا افتتاح کر دیا

پاکستان کی وادی سوات میں طالبان کے حملے میں زخمی ہونے والی ملالہ یوسف زئی نے لڑکیوں کی تعلیم کے لیے قائم ملالہ فنڈ کے لیے پہلی امدادی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔
ملالہ فنڈ کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر خرچ کی جائے گی۔
ملالہ یوسف زئی نے نیویارک میں منعقدہ ایک تقریب میں فنڈ کی پینتالیس ہزار ڈالر کی پہلی گرانٹ کا اعلان کیا۔
اس تقریب کی میزبانی ہالی وڈ کی اداکارہ انجلینا جولی نے کی۔ امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق انجلینا جولی نے پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ’نئے ملالہ فنڈ‘ کے لیے دو لاکھ امریکی ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔
نیویارک میں منعقدہ ایک تقریب میں انجلینا جولی نے کہا کہ اس فنڈ کی انچارج ملالہ یوسف زئی ہوں گی۔
وومین ان دی ورلڈ کانفرس نیویاک کی تقریب میں پندرہ سالہ ملالہ یوسف زئی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا’ملالہ فنڈ کے لیے پہلی امدادی رقم کا اعلان ان کی زندگی کا سب سے پرمسرت دن ہے‘۔
عطیہ کیے جانے والے پہلی رقم پاکستان میں چالیس لڑکیوں کی تعلیم پر خرچ کی جائے گی۔
اس موقع پر ملالہ یوسفزئی نے کہا’ آئیں ان چالیس لڑکیوں کی تعلیم کو چالیس لاکھ لڑکیوں کی تعلیم میں بدل دیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ حال ہی میں ملالہ یوسفزئی نے برطانیہ میں آپ بیتی لکھنے کا معاہدہ کیا ہے۔ملالہ کو کتاب لکھنے کا 30 لاکھ امریکی ڈالر معاوضہ دیا جائے گا۔
توقع ہے کہ ان کی آپ بیتی اس سال کے اواخر تک شائع ہو جائے گی، اور اس کا نام ’میں ملالہ ہوں‘ ہو گا۔ اس کتاب میں گذشتہ اکتوبر کو ملالہ پر سکول جاتے ہوئے ہونے والے حملے کی تفصیلات بیان کی جائیں گی
ملالہ کو سوات میں سکول جاتے ہوئِے طالبان نے نشانہ بنایا تھا۔ اس حملے میں زخمی ہونے کے بعد ان کا علاج پاکستان میں کیا گیا اور بعد میں برطانیہ منتقل کردیا گیا۔برطانیہ میں حال ہی میں ملالہ نے سکول جانا شروع کیا ہے۔







