فلسطینیوں پر مزید راکٹ داغنے کا الزام

اسرائیل نے فلسطینی عسکریت پسندوں پر ملک کے جنوبی حصے پر مزید راکٹ داغنے کا الزام عائد کیا ہے۔
ان مبینہ حملوں میں کسی فرد کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔
اسرائیلی وزیرِ دفاع موشے یالون نے کہا ہے کہ اسرائیل ایسے حملوں کو معمول نہیں بننے دے گا۔
منگل کو فلسطینی علاقے سے ہونے والے راکٹ حملے کے جواب میں اسرائیل نےغزہ پر فضائی حملہ کیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے میں دہشتگردی کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا اور یہ راکٹ حملے کا جواب تھا۔
اسرائیل کے اخبار ہارٹز کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے شمالی غزہ میں بیت الیہہ کے علاقے کو نشانہ بنایا۔
فلسطینی راکٹ حملے اور اسرائیل کی جوابی کارروائی دونوں میں کسی جانی نقصان یا کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔
یہ گزشتہ برس نومبر کو حماس کے خلاف اسرائیل کی آٹھ روزہ کارروائی کے بعد پہلا حملہ تھا۔اسرائیل اور حماس اس لڑائی کے بعد مصر کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی پر کاربند ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس جنگ بندی کے بعد سے اسرائیل نے غزہ کے علاقے میں یہودی بستیوں کی تعمیر پر عائد پابندی اٹھا لی ہے۔ یہ پابندی 2007 میں حماس کے برسراقتدار آنے کے بعد سے نافذ تھی۔







