طوفان آئیڈا: طوفانی بارش سے چھ امریکی ریاستوں میں کم از کم 45 افراد ہلاک

طوفان آئیڈا:

،تصویر کا ذریعہReuters

امریکہ کی چھ شمال مشرقی ریاستوں میں طورفان آئیڈا کے نتیجے میں کم از کم 45 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کے لیے ملک کو ’تاریخی قسم کی سرمایہ کاری‘ کرنی ہوگی۔

امریکہ کو بڑے پیمانے پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامنا ہے اور صدر بائیڈن کے مطابق یہ ’زندگی، موت کا معاملہ‘ بن چکا ہے۔

نیو جرسی کے گورنر کے مطابق ان کی ریاست میں 23 ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے زیادہ تر افراد پانی کی بڑھتی سطح کے باعث گاڑیوں میں پھنس گئے۔

امریکہ کے سب سے بڑے شہر نیویارک میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں سے 11 افراد گھروں کے تہہ خانوں میں پھنس گئے تھے۔ ان میں ایک دو سال کا بچہ بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ پینسلوینیا میں پانچ افراد ہلاک ہوئے جبکہ کنیٹیکٹ میں بھی ایک سکیورٹی اہلکار کی سیلابی ریلے میں بہہ جانے کی اطلاع ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کے روز ریاست لوئزیانا کا دورہ بھی کریں گے اور انھوں نے طوفان آئیڈا کا ذمہ دار ماحولیاتی تبدیلی اور عالمی طور پر درجہ حرارت میں اضافے کو قرار دیا ہے۔

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام

امریکہ کو گذشتہ کئی برسوں سے ماحولیاتی تباہ کاریوں کا سامنا ہے اور امریکی صدر کے مطابق اب یہ زندگی موت کا معاملہ‘ بن چکا ہے۔

گذشتہ روز نیو یارک کے مشہور سنٹرل پارک میں صرف ایک گھنٹے کے دوران آٹھ سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ شہر کی تمام سب وے لائنز بند ہیں اور ریسکیو عملے کی گاڑیوں کے علاوہ تمام ٹریفک کو سڑک پر آنے سے منع کر دیا گیا تھا۔

نیو یارک اور نیو جرسی میں قومی موسمیاتی سروس کے مطابق ہنگامی حالت نافذ ہے۔ یہاں سے آنے جانے والی پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

،ویڈیو کیپشننیویارک میں طوفان آئیڈا کی وجہ سے تباہی کے مناظر

نیویارک میں محکمہِ موسمیات نے مزید شدید بارش کا انتباہ جاری کیا ہے اور لوگوں سے کہا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق ریاست ڈیلاویئر، نیو جرسی اور پنسلوینیا میں ٹورنیڈو واچ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ریاست ورجینیا اور ویسٹ ورجینیا میں گورنروں نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا ہے۔

منگل کے روز میکسار نامی کمپنی کی جانب سے جاری کردہ سیٹلائٹ تصاویر میں ملک کے جنوبی خلیجی ساحل میں شدید تباہی دیکھی جا سکتی ہے۔

طوفان آئیڈا امریکہ کے مرکزی علاقوں تک آنے والا تاریخ کا پانچواں شدید ترین سمندری طوفان ہے۔

طوفان آئیڈا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

تباہی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

بے یارو مددگار

،تصویر کا ذریعہGetty Images

نیو یارک

،تصویر کا ذریعہGetty Images

طوفان آئیڈا:

،تصویر کا ذریعہReuters

گذشتہ چند روز میں طوفان آئیڈا کی وجہ سے جنوبی ریاست لویزیانا میں شدید تباہی دیکھی گئی اور ہزاروں مکانات سمیت انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

کئی علاقوں میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے۔