ٹرمپ نے اداکارہ کو رقم ادا کرنے کے لیے کہا تھا: مائیکل کوہن

،تصویر کا ذریعہEPA
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے اعتراف کیا ہے کہ انھوں نے کیمپین فائنانس قوانین یعنی انتخابی مہم کے مالیاتی امور کے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایسا ’انتخابی امیدوار‘ کی ایما پر کیا اور اس کا بنیادی مقصد انتخاب کے نتائج پر اثر انداز ہونا تھا۔
مائیکل کوہن کا یہ اعتراف ان رقوم سے متعلق ہے جو صدر ٹرمپ نے اپنی مبینہ محبوباؤں کو خاموش رہنے کے لیے ادا کی تھی۔
51 سالہ مائیکل کوہن نے استغاثہ کے ساتھ ایک معاہدے میں ٹیکس اور بینک فراڈ سمیت آٹھ جرائم کا اعتراف کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادھر جب صدر ٹرمپ منگل کی شام مغربی ورجینا میں ایک ریلی کے لیے پہنچے تو انھوں نے مائیکل کوہن کے حوالے سے سوالات کے جواب نہیں دیے۔
اس کے ساتھ ساتھ وائٹ ہاؤس نے بھی اس بارے میں بات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ادھر دوسری جانب صدر ٹرمپ کے ایک اور ساتھی، ان کی انتخابی مہم کے چیئرمین پال مین فورٹ کو ایک اور کیس میں بینک اور ٹیکس فراڈ کا قصور وار پایا گیا ہے۔
مائیکل کوہن کے جرائم کی سزا 65 سال قید ہے تاہم ان کے خود اعتراف کے عوض استغاثہ نے ان کے ساتھ جو معاہدہ کیا ہے اس میں انھیں 5 سال اور تین ماہ کی قید طے پائی ہے۔ تاہم انھی 12 دسمبر کو عدالت اس معاہدے کی منظوری کے حوالے سے فیصلہ سنائے گی۔
مائیکل کوہن کو پانچ لاکھ ڈالر صمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
رقم ادا کیوں کی گئی تھی؟
پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز کا کہنا ہے کہ انھیں ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر مائیکل کوہن نے 2016 کے صدارتی انتخاب سے صرف چند روز پہلے ادا کیے تھے تاکہ وہ تقریباً ایک دہائی قبل صدر ٹرمپ اور اپنے درمیان افیئر کی تفصیلات ظاہر نہ کریں۔
اس سال مئی میں صدر ٹرمپ نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ انھوں نے مائیکل کوہن یہ رقم دی تھی تاہم ان کا دعویٰ تھا کہ انھیں نہیں معلوم تھا کہ یہ رقم کس لیے استعمال کی جا رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مائیکل کوہن نے صدر ٹرمپ کے ساتھ اپنی ایک گفتگو بھی ریکارڈ کی تھی جس میں انھوں نے ایک سابقہ پلے بوائے ماڈل کیرن مکڈوگل کی زندگی کہ کہانی کے جملہ حقوق خریدنے کی بات کی تھی۔ کیرن مگڈوگل کا بھی کہانا ہے کہ ان کا صدر ٹرمپ کے ساتھ معاشقہ رہا ہے۔
کسی سیاسی امیدوار کے بارے میں غیر مناسب کہانیوں کے لیے غیر اعلانیہ رقوم کی ادائیگی امریکہ میں انتخابی مہموں کے حوالے سے مالی قوانین کی خلاف ورزی تصور کی جا سکتی ہے۔
سٹورمی ڈینیئلز کے وکیل نے صدر ٹرمپ اور مائیکل کوہن دونوں کے خلاف ہتکِ عزت کا دعویٰ کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی پیش رفت سے ان کا کیس اور زیادہ مضبوط ہو گیا ہے۔
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام










