برازیل: 20 برس تک عوامی منصوبوں پر پابندی کی منظوری

برازیل

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنمنظوری کی خبر آتے ہیں کئی مظاہرین مشتعل ہو گئے

برازیل کی سینیٹ نے آئین میں اس متنازع ترمیم کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت آئندہ 20 سال لیے عوامی منصوبوں پر رقوم خرچ نہیں کی جائیں گی۔

کفایت شعاری کے لیے کیے گئے ان اقدامات کی منظوری صدر مائیکل ٹیمر کے لیے نہایت اہم ہے۔

انہوں نے رواں برس عہدہ سنبھالنے کے بعد وعدہ کیا تھا کہ وہ ملک کو کئی دہائیوں کی بدترین کساد بازاری سے نکالیں گے۔

دارالحکومت اور کم سے کم ایک درجن ریاستوں میں ان اقدامات کے خلاف ہونے والے مظاہرے پر تشدد ہو گئے۔

حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے صحت اور تعلیم جیسے شعبے متاثر ہوں گے جن کے لیے پہلے ہی رقوم نہیں ہیں۔

کفایت شعاری کے منصوبے کی منظور کے لیے ہونے والے سینیٹ کے اجلاس کے دوران ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔

برازیل

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبرازیل میں آئندہ 20 سال لیے عوامی منصوبوں پر رقوم خرچ نہیں کی جائیں گی

منظوری کی خبر آتے ہیں کئی مظاہرین مشتعل ہو گئے۔ برازیلیا میں مظاہرین نے بس کو آگ لگا دی۔ ساؤ پاؤلو میں ایک سرکاری ادارے پر حملہ کیا گیا۔

حکومت کو اس ترمیم کی منظوری کے لیے 49 ووٹ درکار تھے۔ یہ انتہائی کم فرق سے منظور کی گئی۔

ایک حکومتی اہلکار کا کہنا تھا ’ہم جیت گئے ہیں یہ اہم چیز ہے۔‘

ناقدین کا کہنا ہے کہ غریب لوگ اس سے متاثر ہوں گے اور دو دہائیوں کے لیے پابندی لگا دینا غیر حقیقی قدم ہے۔

یہ اقدامات جمعرات سے نافذالعمل ہوں گے۔