BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 24 October, 2008, 11:36 GMT 16:36 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
جیف لاسن کوچ کے عہدے سے فارغ

جیف لاسن
کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین اعجاز بٹ کوچ جیف لاسن کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کی ٹیم کے غیر ملکی کوچ جیف لاسن اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی کو بر طرف کر دیا ہے جبکہ شفقت نغمی کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے سلیم الطاف کو پی سی بی کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چئرمین سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز بٹ نےکرکٹ بورڈ میں اپنے پہلے ہی دن بی بی سی کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں جیف لاسن پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا جبکہ اپنی پہلی پریس کانفرنس میں انہوں نے کرکٹ بورڈ کی گزشتہ انتظامیہ خاص طور پر شفقت نغمی پرکرکٹ بورڈ کے معاملات میں بے ضابطگیوں کا الزام لگایا تھا لہذا ان دونوں کی برطرفی متوقع تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل محمد شان نے میڈیا کو بتایا کہ جیف لاسن کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی شق گیارہ کے تحت دونوں فریقوں میں سے کوئی بھی تین ماہ کے نوٹس یا تین ماہ کی تنخواہ دے کر معاہدے کو ختم کر سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جیف لاسن کرکٹ بورڈ سے 31 دسمبر تک کی تنخواہ اڈوانس میں لے چکے ہیں لہذا انہیں بقیہ چوبیس دن کی تنخواہ کا چیک بھجوا دیا گیا ہے اور ان کے ساتھ معاہدہ ختم کر دیا گیا ہے۔

جیف لاسن کہ جن کی بابت چند دن پہلے اعجاز بٹ کا کہنا تھا کہ ان پر عدم اطمینان کا اظہار ایک کرکٹر کی رائے ہے لیکن ان کے بارے میں فیصلہ پی سی بی کے چئرمین بن کر کریں گے اور وہ جلد ان سے ملیں گے تاہم اطلاعات کے مطابق ان کو بر طرف کرنے سے پہلے پی سی بی کے چئرمین نے ان سے ملنے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔

محمد شان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے آئین کے تحت چیف آپریٹنگ آفیسر کی برطرفی گورننگ بورڈ کے ممبران کی منظوری سے ہی ہو سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گورننگ بورڈ کے دو رکن علی رضا اور لیفٹیننٹ جرنل ریٹائرڈ منیر حفیظ ملک سے باہر ہیں ان سے فون پر ان کی منظوری لی گئی جبکہ ایک قرار داد پر بقیہ گیارہ اراکین نے منظوری کی مہر ثبت کر دی ہے اس لیے ان کی بر طرفی قانون کے مطابق ہے۔ محمد شان کا کہنا ہے کہ اس وقت تک شفقت نغمی پر محتلف بے قائدگیوں کے گیارہ الزامات مل چکے ہیں جبکہ اور معاملات بھی جلد سامنے آ جائیں گے۔

محمد شان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کا تقرر کرنے کے لیے بھی گورننگ بورڈ کی منظوری ضروری ہوتی ہے اس لیے سلیم الطاف کو ڈائریکٹر جنرل بنایا گیا ہے اور وہ قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسر کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

جیف لاسن کی بر طرفی کے بعد اگلے ماہ ابو ظہبی میں ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہونے والی تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں پاکستان کی ٹیم کا کوچ کون ہو گا؟ اس سلسلے میں کیا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے تو محمد شان کا جواب تھا کہ یہ سیریز ایسی نہیں کہ اس کے لیے لازمی طور پر کسی کوچ کی ضرورت ہو اور اگر مینیجر کرکٹر ہو تو اس سے بھی کام چلایا جا سکتا ہے۔

نئے کوچ کے سلسلے میں مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہیں ہیں اور اطلاعات کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان اور کوچ جاوید میاں داد نے آج پی سی بی میں نئے مقرر کردہ ڈائریکٹر جنرل سلیم الطاف سے تفصیلی ملاقات کی اور چند اخبارات کے مطابق جاوید میاں داد اپنی شرائط پر اس عہدے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اسی عہدے کے لیے ایک اور سابق کپتان اور کوچ اور گورننگ بورڈ کے رکن انتخاب عالم کا نام بھی لیا جا رہا ہے۔

اسی بارے میں
صحافی لاسن سے ناخوش
29 June, 2008 | کھیل
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد