کپتان، کوچ برقرار رہیں گے: چئرمین | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے شعیب ملک اور جیف لاسن پر مکمل اعتماد ظاہر کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ یہ دونوں اپنی ذمہ داری جاری رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں کہی۔ ڈاکٹر نسیم اشرف کی کپتان اور کوچ کی حمایت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کے متعدد سابق کپتانوں نے دونوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے نئے کوچ اور کپتان کی تقرری پر زور دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین پہلے بھی شعیب ملک اور لاسن کا دفاع کرتے رہے ہیں لیکن اس مرتبہ انہوں نے قدرے سخت لہجے میں دونوں پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ ٹیم میں نوجوان کرکٹرز شامل ہیں اور اسے ایک مضبوط ٹیم بننے میں وقت لگے گا اس ضمن میں انہوں نے ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے عروج و زوال کی مثال دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ انہوں نے خود اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ سری لنکا کےخلاف میچ کےبعد شعیب ملک کو ڈرپ لگی ہوئی تھی لیکن ایک ٹی وی چینل نے اس کے بارے میں منفی خبر دے دی۔ انہوں نے کہا کہ میچ سے قبل میں نے خود اس کا بلڈ پریشر چیک کیا تھا اور اسے کہا تھا کہ اگر وہ مر بھی جائے لیکن یہ میچ کھیلے اور وہ میچ کھیلا۔ اس کے باوجود اس پر تنقید اور شک کیا جانا افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپتان اور کوچ کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جاتا ہے اور اس کا ایک طریقہ کار موجود ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے شعیب اختر کی پابندی کی سزا معطل کئے جانے کے بارے میں کہا کہ یہ معاملہ کورٹ میں ہے لہذا وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے جب کورٹ کا فیصلہ آئے گا اس کا احترام کیا جائے گا۔ ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ ایشیا کپ کے کامیاب انعقاد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس موقف کو درست ثابت کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے بین الاقوامی میچوں کے انعقاد کے لئے محفوظ ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ چیمپئنز ٹرافی طے شدہ پروگرام کے تحت پاکستان ہی میں منعقد ہوگی جس کی یقین دہانی انہیں دبئی کے اجلاس میں کرائی گئی ہے۔ ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ آئی پی ایل کی طرز پر پاکستان سپر لیگ آئندہ سال ستمبر میں ہوگی جس میں دنیا کے بہترین کرکٹرز حصہ لیں گے اور ہر ٹیم میں کم ازکم تین چار کھلاڑی تیئس سال سے کم عمر کے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے دو ٹیمیں اس سال آئی سی سی چیمپئنزلیگ میں حصہ لیں گی بی سی سی آئی نے اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئی پی ایل کے موقع پر ہی دعوت دے دی تھی اور دبئی میں آئی سی سی کے اجلاس کے موقع آئی پی ایل کمشنر للیت مودی نے دوبارہ کہا ہے کہ چیمپئنز لیگ میں پاکستان سے دو ٹیموں کو مدعو کیا جائے گا۔ ڈاکٹر نسیم اشرف نے اوول ٹیسٹ کے نتیجے کی تبدیلی کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی سپورٹس مین اسپرٹ سے تعبیر کیا۔ اس سوال پر اوول ٹیسٹ کے مرکزی کردار ڈیرل ہیئر کی پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں تعیناتی کی جائے گی؟ ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا کہ انہیں آئی سی سی پر بھروسہ ہے کہ وہ فہم وفراست کا مظاہرہ کر ے گی۔ | اسی بارے میں شعیب کی پابندی معطل،جرمانہ برقرار04 July, 2008 | کھیل اوول، انضمام فیصلے سے خوش03 July, 2008 | کھیل جیف لاسن: معافی کے بعد موقف تبدیل30 June, 2008 | کھیل شعیب ملک مشکل میں ہیں: وقار30 June, 2008 | کھیل شعیب بھارت کے خلاف میچ سے باہر02 July, 2008 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||