ملتان: پاکستان ہار گیا، سیریز دو دو | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جنوبی افریقہ نے پاکستان کو چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں سات وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز دو دو سے برابر کردی ہے جس کے بعد پیر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جانے والا ون ڈے فیصلہ کن حیثیت اختیار کرگیا ہے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں گریم اسمتھ کی ٹیم نے پاکستانی بیٹنگ کو پچاس اوورز میں9 وکٹوں پر230 رنز پر محدود کرنے کے بعد مطلوبہ اسکور صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر38 ویں اوور میں پورا کرلیا۔ گریم سمتھ اور شان پولاک نے دوسری وکٹ کی شراکت میں159 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی جیت کو بہت آسان بنا دیا۔ یہ ون ڈے میں پاکستان کے خلاف جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ کی ریکارڈ شراکت ہے۔ اس سے قبل اسی سال جوہانسبرگ میں اے بی ڈی ویلیئرز اور کیلس نے155 رنز بنائے تھے۔ شان پولاک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے90 رنز بنائے۔انہیں راؤ افتخار نے شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے کھیلتے ہوئے یہ پولاک کا ون ڈے انٹرنیشنل کا سب سے بہترین سکور ہے۔ افریقن الیون کی طرف سے کھیلتے ہوئے انہوں نے ایشین الیون کے خلاف سنچری بنائی تھی۔ پولاک کو مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔ انہوں نے دس اوورز میں صرف رنز دے کر ایک وکٹ بھی حاصل کی تھی۔ کپتان سمتھ سات چوکوں کی مدد سے81 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر راؤ افتخار کی گیند پر عبدالرحمن کے ہاتھوں کیچ ہوئے تو جنوبی افریقی ٹیم جیت سے صرف3 رنز کی دوری پر تھی۔ پاکستانی اننگز کی خاص بات یونس خان کی عمدہ بیٹنگ تھی جنہوں نے 82 رنزسکور کیے۔ گریم سمتھ اور ہرشل گبز نے ٹیم کو دس اوورز میں65 رنز کا اچھا آغاز دیا۔ گبز7 چوکوں کی مدد سے39 رنز بناکر شاہد آفریدی کی پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
اس سے قبل شعیب ملک نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ شاہد آفریدی بغیر کوئی رن بنائے نتینی کی گیند پر مڈآن پر نیل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ یاسرحمید کو10 رنز کے انفرادی اسکور پر شان پولاک کی گیند پر ہرشل گبز نے شارٹ مڈ وکٹ پر خوبصورتی سے کیچ کرلیا۔ پاکستانی ٹیم کی سب سے بڑی امید محمد یوسف سے وابستہ تھی جنہوں نے پچھلے دو میچوں میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں بنائی تھیں لیکن اس مرتبہ وہ صرف 5 رنز پر بوتھا کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کا سکور اس وقت 3 وکٹوں پر صرف38 رنز تھا۔ یونس خان اور کپتان شعیب ملک کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں بننے والے91 رنز نے ایک بڑے سکور تک پہنچنے کی امید پیدا کی لیکن پاکستانی کپتان45 کے سکور پر کیلس کی سلو گیند پر دھوکہ کھاگئے اور مڈآف پر آسان کیچ سمتھ کو تھماگئے۔ یونس خان اور مصباح الحق کی ایک ہی اوور میں گرنے والی وکٹوں نے صورتحال یکسر تبدیل کردی۔ یونس خان82 رنز بنا کر نیل کی گیند کو پل کرنے کی کوشش میں مڈ وکٹ پر گبز کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ اس وقت پاکستان کا سکور158 رنز تھا۔ یونس خان نے ایک سو دس گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں دو چھکے اور چھ چوکے لگائے۔ آندرے نیل نے اپنے اسی اوور میں7 رنز بنانے والے مصباح الحق کو باؤچر کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ عبدالرحمن اور کامران اکمل کے درمیان ساتویں وکٹ کے لئے بننے والے 60 رنز پاکستانی ٹیم کے لیے بہت قیمتی تھے۔ عبدالرحمن 37گیندوں پر3 چوکوں کی مدد سے31 رنز بناکر مورکل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ کامران اکمل دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رنز بناکر پولاک کے ہاتھوں کیچ ہوکر اس سیریز میں بوتھا کی پہلی وکٹ بن گئے۔ بوتھا نے اسی اوور میں عمرگل کو بھی نتینی کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ پاکستان کی ٹیم: شعیب ملک ( کپتان) یاسرحمید، کامران اکمل، یونس خان، محمد یوسف، مصباح الحق، شاہد آفریدی، عمرگل، راؤافتخار، محمد آصف اور عبدالرحمن۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم: گریم اسمتھ( کپتان) ہرشل گبز۔ ژاک کیلس۔ اے ڈی بی ویلیئرز۔ مارک باؤچر۔ جین پال ڈومینی۔ شان پولاک۔ ایلبی مورکل۔یوہان بوتھا۔ آندرے نیل اور مکھایا نتینی شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کے بلی باؤڈن اور پاکستان کے علیم ڈار میچ کے امپائرز ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ایلن ہرسٹ میچ ریفری کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ | اسی بارے میں پاکستان تیسرا ون ڈے جیت گیا23 October, 2007 | کھیل اوپننگ کی خواہش کی تھی: آفریدی23 October, 2007 | کھیل محمد آصف تیسرے میچ سے بھی باہر22 October, 2007 | کھیل دورہ جاری رہے گا: جنوبی افریقہ20 October, 2007 | کھیل فتح کا سہرا بالرز کے سر:شعیب20 October, 2007 | کھیل پاکستان، جنوبی افریقہ سیریز برابر 20 October, 2007 | کھیل پاکستان دوسرا ون ڈے جیت گیا20 October, 2007 | کھیل جنوبی افریقہ کے سکیورٹی خدشات19 October, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||