پاکستان تیسرا ون ڈے جیت گیا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو فیصل آباد میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ اسطرح اسے پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ اقبال اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم 2ء49 اوورز میں197 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔جواب میں پاکستان نے مطلوبہ اسکور49 ویں اوور میں پورا کرلیا جس میں محمد یوسف کی ناقابل شکست نصف سنچری شامل تھی۔ شاہد آفریدی تین وکٹوں اور جارحانہ بتیس رنز کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار پائے۔ پاکستانی اننگز کا آغاز یاسرحمید اور شاہد آفریدی نے کیا۔ شاہد آفریدی جنہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اوپننگ کی خواہش ظاہر کی تھی۔ اپنے مخصوص اور شائقین کے پسندیدہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف اٹھارہ گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے32 رنز بنائے۔ شان پولاک سب سے زیادہ آفریدی کی جارحیت کا نشانہ بنے، ان کے ایک اوور میں انہوں نے دو چوکے اور ایک چھکا لگایا تاہم اسی اوور میں پولاک انہیں آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ یاسر حمید جنہیں عمران نذیر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اس موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور18 رنز بناکر نتینی کی گیند پر کیلس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ یونس خان صرف10 رنز بناکر مورکل کی گیند پر بوتھا کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ66 رنز پرگری۔
محمد یوسف جنہوں نے سیریز کے پہلے میچ میں نصف سنچری اور دوسرے میچ میں سنچری بنائی تھی58 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ مصباح الحق نے مورکل کو چھکا لگاکر میچ پاکستان کی جیت پر ختم کیا۔ وہ29 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل اپنی اننگز میں مہمان بیٹسمین پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ اور معیاری فیلڈنگ کے سبب رنز کے لئے تگ و دو کرتے رہے۔ آخری چھ بیٹسمین اسکور میں صرف35 رنز کا اضافہ کرسکے۔ آخری 2ء9 اوورز میں جنوبی افریقی ٹیم اسکور میں صرف48 رنز کا اضافہ کرسکی۔ عمرگل نے ایک بار پھر متاثرکن بولنگ کی اور2ء8 اوورز میں25 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے سات اوورز کے پہلے اسپیل میں تین میڈن کرائے اور صرف بائیس رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہد آفریدی بھی اپنی لیگ اسپن کا جادو جگانے میں کامیاب رہے۔ دس اوورز میں انہوں نےصرف 37 رنز کے عوض کیلس، کیمپ اور پولاک کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔ راؤ افتخار کسی سے پیچھے نہ رہے، انہوں نے33 رنز دے کر تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔ لاہور کے پہلے ون ڈے کے سنچری میکر اے بی ڈی ویلیئرز راؤ افتخار کا شکار ہوئے جن کا17 رنز پر خوبصورت کیچ شاہد آفریدی نے لیا۔ جنوبی افریقہ کی تیسری وکٹ77 رنز پر گری۔ کپتان اسمتھ اور جسٹن کیمپ اسکور میں45 رنز کا اضافہ کر پائے تھے کہ شعیب ملک کی تھرو نے اسمتھ کو رن آؤٹ کردیا جو اپنی ٹیم کے کل اسکور122 میں48 کا حصہ دے کر پویلین کی راہ دیکھنے پر مجبور ہوئے۔ ان کی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔ جسٹن کیمپ اور مارک باؤچر کی40 رنز کی شراکت نے اسکور بورڈ کو متحرک رکھا لیکن یہ دونوں پاکستانی بولنگ کے لئے بہت بڑا خطرہ نہ بن سکے۔ کیمپ دو چھکوں کی مدد سے42 رنز بناکر شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے تو جنوبی افریقہ کا اسکور42 ویں اوور میں162 رنز تھا۔ مارک باؤچر کو17 رنز پر عبدالرحمن کی گیند پر شعیب ملک نے کیچ کیا۔ شان پولاک صرف چار گیندوں کے مہمان رہے اور ایک رن بناکر آفریدی کی گیند پر انہی کو کیچ دے گئے۔ مورکل کو راؤ افتخار کی گیند پر متبادل فیلڈر عمران نذیر نے12 رنز پر کیچ کیا۔ چارل لینگیوٹ کو راؤ نے4 رنز پر بولڈ کیا۔ عمرگل نے نتینی کو صفر پر بولڈ کرکے جنوبی افریقی اننگز ختم کردی۔ پاکستانی ٹیم ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اتری۔ عمران نذیر کی جگہ یاسرحمید کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ لاہور میں دوسرا ون ڈے کھیلنے والی جنوبی افریقی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: شعیب ملک ( کپتان) یاسرحمید، کامران اکمل، یونس خان، محمد یوسف، مصباح الحق، شاہد آفریدی، عمرگل، راؤافتخار، سہیل تنویر اور عبدالرحمن۔ جنوبی افریقی ٹیم میں گریم اسمتھ( کپتان) ہرشل گبز، ژاک کیلس، اے بی ڈی ویلیئرز، مارک باؤچر، جسٹن کیمپ، شان پولاک، ایلبی مورکل، یوہان بوتھا، چارل لینگیویٹ اور مکھایا نتینی شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کے بلی باؤڈن اور پاکستان کے ضمیر حیدر میچ کے امپائرز ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ایلن ہرسٹ میچ ریفری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ | اسی بارے میں لاہور میں پاکستان کی شکست18 October, 2007 | کھیل پاکستان، جنوبی افریقہ سیریز برابر 20 October, 2007 | کھیل دورہ جاری رہے گا: جنوبی افریقہ20 October, 2007 | کھیل محمد آصف تیسرے میچ سے بھی باہر22 October, 2007 | کھیل تیسرے ون ڈے کے لیے نیا اوپنر22 October, 2007 | کھیل فیلڈنگ اور اوپننگ بڑے مسئلے22 October, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||