پاکستان نے سری لنکا کو ہرا دیا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بیٹنگ اور بولنگ میں عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کے زور پر پاکستان نے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا کو33 رنز سے شکست دیدی ہے۔ یونس خان عمدہ نصف سنچری پر مین آف دی میچ قرار پائے۔ جوہانسبرگ کے وانڈررز سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کا یہ سپر ایٹ مرحلے کا پہلا میچ تھا۔ پاکستان کی اس جیت میں کپتان شعیب ملک اور یونس خان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا دخل نمایاں رہا جس کے بعد بولرز نے کسی بھی موقع پر سری لنکن بیٹنگ کو سراٹھانے نہیں دیا۔ اور 190 رنز کے تعاقب میں سری لنکن بیٹسمینوں کی ہمت نو وکٹوں پر 156 رنز پر جواب دے گئی۔ سری لنکا کی تمام تر امیدیں سنتھ جے سوریا سے وابستہ تھیں لیکن صرف 5 رنز پر سہیل تنویر کے ہاتھوں بولڈ ہوکر وہ ساری امیدیں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ سہیل تنویر محمد آصف کی گیند پر ان کا کیچ ڈراپ کرچکے تھے۔ محمد آصف نے سری لنکن اننگز کی دوسری ہی گیند پر اپل تھارنگا کو صفر پر آؤٹ کر دیا جس کے بعد انہوں نے18 رنز کے انفرادی اسکور پر کمار سنگاکارا کو بھی بولڈ کر ڈالا۔ کپتان مہیلا جے وردھنے اور چمار سلوا کی نصف سنچری شراکت ناکافی ثابت ہوئی اور وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے نتیجے میں سری لنکا کی ٹیم منزل سے دور ہوتی چلی گئی۔ چمار سلوا اور تلکارتنے دلشن38 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ پاکستان کی طرف سے شاہد آفریدی نے18 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد آصف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان کے ابتدائی بیٹسمین ایک بار پھر توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے۔ عمران نذیر صرف سات رنز بناکر چمندا واس کی گیند پر جیہان مبارک کو کیچ دے بیٹھے۔ نائب کپتانی کے منصب پر فائزلیکن رنز کی تگ ودو میں مصروف سلمان بٹ کی حالت بھی اپنے ساتھی اوپنر سے مختلف نہیں ہے وہ بھی محض بارہ رنز بناکر دلہارا فرنینڈو کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ فرنینڈو نے دس رنز بنانے والے محمد حفیظ کو بھی بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھائی تو پاکستانی ٹیم33 رنز پر مشکلات سے دوچار تھی۔ اس موقع پر یونس خان اور کپتان شعیب ملک کے درمیان چوتھی وکٹ کی شاندار سنچری شراکت نے پاکستانی کیمپ میں طاری مایوس کو کم کر دیا۔ یونس خان نے تین چھکوں اور دو چکوں کی مدد سے51 رنز بنائے۔ جے سوریا کے ایک اوور میں انہوں نے دو چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ ان کی اننگز کا خاتمہ مالنگا کی گیند پر تلکارتنے دلشن نے کیچ کی صورت میں کیا۔ اسی کامبی نیشن نے شعیب ملک کو بھی پویلین کا راستہ دکھا دیا۔ پاکستانی کپتان جنہوں نے جے سوریا کے پہلے اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا تھا57 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے جس میں 2چھکے اور4 چوکے شامل تھے۔ شاہد آفریدی نو گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے17 رنز کی مختصر اننگزکھیل کر مالنگا کے ہاتھوں بولڈ ہوئے جس کے بعد کامران اکمل اور مصباح الحق اسکور میں قیمتی19 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ مصباح الحق نے جے سوریا کی گیندوں پر لگائے دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست16 رنز اسکور کیے۔ سنتھ جے سوریا نے چار اوورز میں64 رنز دے کر ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی سب سے مہنگی بولنگ کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔اس سے قبل اسی سیزن میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن نے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں چار اوورز میں64 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ لستھ مالنگا43 رنز کے عوض تین وکٹوں کے ساتھ سری لنکا کے سب سے کامیاب بولر رہے۔ پاکستانی ٹیم سپر ایٹ کے دوسرے میچ میں منگل کو آسٹریلیا کے مقابل ہوگی۔ |
اسی بارے میں انڈیا کی دس رنز سے شکست16 September, 2007 | کھیل انڈیا نے پاکستان کو ہرا دیا14 September, 2007 | کھیل بنگلہ دیش فاتح، ویسٹ انڈیز باہر13 September, 2007 | کھیل انگلینڈ نے زمبابوے کو ہرا دیا14 September, 2007 | کھیل زمبابوے نے آسٹریلیا کو ہرا دیا12 September, 2007 | کھیل آفریدی چھاگئے، پاکستان جیت گیا12 September, 2007 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||