’جوش کے ساتھ ہوش‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے جارحانہ انداز میں کھیلنے والے بیٹسمین وریندر سہواگ کے لیے پاک بھارت کرکٹ میچ صرف کھیل ہے لیکن ان کا خیال ہے کہ ذرائع ابلاغ کے دباؤ نے اسے لڑائی کی شکل دے دی ہے۔ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں جمعہ کو مدمقابل ہو رہی ہیں اور سہواگ کو توقع ہے کہ بھارتی ٹیم ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کو ہرانے کی روایت ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی برقرار رکھے گی۔ سہواگ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات سے اتفاق نہیں کرتے کہ پاک بھارت میچوں میں دباؤ ہوتا ہے۔ اسے آپ ایکسائٹمنٹ یا جوش وخروش کہہ سکتے ہیں۔ لوگوں کی توقعات بہت ہوتی ہیں۔ ایسے میں میڈیا ایسا پریشر بنا دیتا ہے جیسے یہ کوئی لڑائی ہو۔ اٹھائیس سالہ سہواگ 52 ٹیسٹ اور 175 ون ڈے کے علاوہ بھارت کے اب تک کے واحد ٹوئنٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں بھی کھیل چکے ہیں۔ تاہم اس سال بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے بعد وہ بھارتی ٹیم سے فٹنس اور کارکردگی کی بنیاد پر ڈراپ ہوگئے تھے۔ سہواگ کا کہنا ہے کہ اس کے بعد سے انہوں نے اپنی فٹنس بہتر کرنے پر بہت توجہ دی۔ اس ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو وہ بھارتی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم میں واپسی کا ایک ذریعہ سمجھتے ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ اس موقع کو ہاتھ سے نہ جانے دیں۔ سہواگ نے کہا کہ انہوں نے ٹیم سے باہر ہونے کا فیصلہ یہ سوچ کر قبول کیا کہ ’جو کچھ نصیب میں ہوتا ہے وہ آپ کو ملتا ہے، یہ بھی زندگی کا حصہ ہے‘۔ وریندر سہواگ جو اپنے ہم اثروں میں ویرو کے نام سے مشہور ہیں کہتے ہیں کہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے بارے میں کسی قسم کی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ایک سو بیس گیندیں بہت ہوتی ہیں۔’اس طرز کی کرکٹ میں جوش سے زیادہ ہوش کے ساتھ کھیلنا ضروری ہے، اس میں ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کے لیے کچھ کر دکھانے کا بھرپور موقع موجود ہے‘۔ سہواگ کہتے ہیں کہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی جس ملک میں بھی شروع ہوئی بہت مقبول ہوئی، بھارت میں اس کا آغاز ہوا ہے اور انہیں یقین ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ یہ ان کے ملک میں بھی بہت جلد مقبولیت حاصل کرلے گی۔ | اسی بارے میں کرکٹرز کا جھگڑا، آصف زخمی06 September, 2007 | کھیل آصف کی پٹائی پر شعیب کی چھٹی 07 September, 2007 | کھیل ’جھگڑا آفریدی سے ہوا تھا‘08 September, 2007 | کھیل ’میں سمجھا مذاق میں بلا اٹھایا ہے‘09 September, 2007 | کھیل 2011 کا عالمی کپ ایشیا میں30 April, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||